پی ایف سی کی نمائشیں معیشت کے فروغ میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، عبدالرزاق داﺅد

63

لاہور ۔ 21 دسمبر(اے پی پی)وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد نے ”انٹیریئرز پاکستان“ نمائش کے شاندار انعقاد اور مقامی فرنیچر سیکٹر کے فروغ کیلئے بھر پور کردار ادا کرنے پر پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کو مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعہ کو پی ایف سی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق میاں کاشف اشفاق کے نام اپنے پیغام میں مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، جنہوں نے دسویں 3 روزہ میگا نمائش کے اختتامی روز بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی، نے کہا کہ پی ایف سی کی نمائشیں مقامی اور بین الاقوامی دوروں، فروخت کنندگان اور خریداروں کے مابین رابطے، چھوٹے کاروبار کی ترقی، علمی اشتراک کے فروغ اور بین الاقوامی تجارت وسرمایہ کاری کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرکے معیشت کے فروغ میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نمائش میں عالمی معیار کے فرنیچر کے بڑی تعداد میں سٹال اور خریداروں کا رش اور دلچسپی دیکھ کر دلی مسرت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی حجم کو بڑھانے اور عالمی سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کیلئے ہمیں ٹیکنالوجی کی ترقی اور مصنوعات کا معیار بہتر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ عبدالرازق داﺅد نے مقامی صنعت کو فروغ دینے کے لئے وسیع پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے اور ہمارے لوگ بہترین مہارت اور ہنر سے لیس ہیں جو جدید خطوط پر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔