پی ایف سی 26 مئی سے کراچی میں شروع ہونے والے ٹیکسپو میں حصہ لے گی،سی ای او میاں کاشف اشفاق

97
Mian Kashif Ashfaq

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل( پی ایف سی) کےچیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پی ایف سی 26 مئی سے کراچی میں شروع ہونے والے 3 روزہ چوتھے ٹیکسپو میں حصہ لے گی تاکہ غیر ملکی خریداروں کو راغب کر کے ملکی مصنوعات کے لئے نئی برآمدی منڈیاں تلاش کی جا سکیں۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں ذیشان الٰہی کی قیادت میں نمائش کنندگان کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ یہ ٹیکسپو میں پاکستانی ٹیکسٹائل، اس کے ذیلی شعبوں اور چمڑے کی صنعتوں کی بہترین مصنوعات کی نمائش کی جائے گی جن میں چمڑے، ریڈی میڈ گارمنٹس، دستانے، قالین، ہوم ٹیکسٹائل اور دیگر اشیاشامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا بنیادی مقصد پاکستانی تاجر برادری کو بین الاقوامی خریداروں سے جوڑنا اور ملکی مصنوعات اور ملبوسات کی مکمل رینج کو ایک ہی چھت تلے ڈسپلے کرنا ہے تاکہ طویل مدتی بین الاقوامی تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسپو میں کاروباری افراد، لارج سکیل خریدار، چین سٹورز، تجارتی ادارے، تاجر تنظیموں کے نمائندے اور سرکاری ریگولیٹری اتھارٹیز سمیت مشرقی افریقا اور روانڈا کے کاروباری افراد کی شرکت متوقع ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پی ایف سی اور چن ون پہلے بھی امریکا، چین، اٹلی اور سری لنکا وغیرہ میں کئی بین الاقوامی تجارتی میلوں میں شرکت کر چکے ہیں اور وہاں اپنی مصنوعات متعارف کرائی ہیں جن کی اب بہت زیادہ مانگ ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیکسپو سے بھی غیر ملکی خریداروں سے آرڈرز مل سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس موقع پر سرمایہ کاری کے حصول کے لیے بزنس ٹائیکونز کے ساتھ ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کے خصوصی پیکج سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اٹھارٹی برآمدی مصنوعات بنانے والوں کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔