کراچی ۔ 19 مئی (اے پی پی) آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے ہارٹی کلچر سیکٹر میں جدید رجحانات متعارف کرانے اور تحقیقی سرگرمیوں کے ذریعے زرعی پیداوار اور معیار کو بہتر بنانے کے لئے بین الاقوامی ادارے سی اے بی آئی کے ساتھ اشتراک کر لیا ہے۔ دونوں اداروں کے مابین اشتراک عمل اور باہمی تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت طے کر لی گئی ہے۔ یادداشت پر پی ایف وی اے کے چیئرمین وحید احمد اور سی اے بی آئی کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر بابر باجوہ نے دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت سی اے بی آئی پاکستان میں زرعی شعبے میں صلاحیتوں کی بہتری اور تحقیقی سرگرمیوں کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔