حیدرآباد۔ 08 جنوری (اے پی پی):پاکستان فیڈریشن آف یونینز آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے )ورکرز کے مرکزی نائب صدر ناصر شیخ اور سینئر رہنما عرفان آرائیں نے کہا ہے کہ پی ایف یو جے ورکرز کی تاریخ آزادی صحافت کی جدوجہد سے بھری ہوئی ہے۔ ٹنڈو آدم پریس کلب میں نو منتخب عہدیداران کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آزادی صحافت، صحافیوں کے حقوق اور اظہار رائے کی آزادی کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ تقریب میں صدر شیراز سموں، نائب صدر حاجی خان سولنگی، جنرل سیکرٹری جاوید مصطفیٰ، جوائنٹ سیکرٹری عاشق حسین ساند
آفس سیکرٹری رانا سلیمان اور دیگر نو منتخب عہدیداران کو پی ایف یو جے عہدیداران نے مبارکباد دی ۔ صدر پریس کلب شیراز سموں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں روایتی اجرک پیش کی۔ اس موقع پر ناصر شیخ، عرفان آرائیں اور دیگر رہنماؤں نے اپنے خطاب میں صحافیوں ک عوامی آگاہی کے لیے دی گئی قربانیوں کو اجاگر کیا اور بتایا کہ کئی صحافیوں نے سماجی ناانصافیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے ورکرز نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ملک بھر میں متحد کرنے، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے اور آزادی صحافت کے لیے ان کی آواز کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ رہنماؤں نے آزادی صحافت اور جمہوریت کے باہمی تعلق پر زور دیتے ہوئے کہا
کہ پی ایف یو جے کے اراکین کو تنظیم کی تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ جدوجہد کی اہمیت کو سمجھا جا سکے۔ بعد ازاں پی ایف یو جے ورکرز کے رہنماؤں نے ٹنڈو آدم یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے دفتر کا دورہ کیا اور سالانہ کارکردگی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ٹی یو جے ورکرز کے صدر ممتاز تمیمی، جنرل سیکرٹری خالد خاصخیلی، سینئر صحافی ریاض حسین سنجرانی اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب میں پی ایف یو جے ورکرز نے آزادی صحافت، جمہوریت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور ان مقاصد کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کیا۔