پی ایم ڈی سی کا ایم ڈی کیٹ کاامتحان 22 ستمبر کو منعقد کرنےکا اعلان

176
PMDC
PMDC

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):پی ایم ڈی سی نے ایم ڈی کیٹ کاامتحان امسال 22 ستمبر کو منعقد کرنےکا اعلان کر دیاہے۔ پی ایم ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے بتایاکہ ایم ڈی کیٹ پاکستان اور بیرون ملک میں ایک ہی تاریخ کو منعقد کیا جائے گا۔ایم ڈی کیٹ کا نصاب اگلے ہفتے پی ایم ڈی سی کی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی سہولت کے لیے کونسل نے نصاب کو تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کونسل نے تمام صوبائی سیکرٹریز کو ایم ڈی کیٹ امتحان کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ فیصلہ طلباء کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

گزشتہ سال تقریباً 180534 طلباء امتحان میں شریک ہوئے تھے۔ایک اندازے کے مطابق اس سال امتحان میں تقریبا دو لاکھ طلباء شرکت کرنے کا امکان ہے۔ڈاکٹر رضوان تاج نے کہاکہ ایم ڈی کیٹ پیپر انڈیکس کو میرٹ پر سمجھوتہ کیے بغیر طلبہ کی آسانی کے لیے بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ طلباء کا روشن مستقبل ہماری اولین ترجیح ہے ۔ پی ایم ڈی سی ادارہ طلباء کی سہولت کے لیے انتھک محنت کر رہا ہے۔ تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ داخلے کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنائے۔ایم ڈی کیٹ امتحان کی مزید تفصیلات، شیڈول، رجسٹریشن کا عمل اور دیگر معلومات، آنے والے دنوں میں پی ایم ڈی سی کی ویب سائیٹ سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔