اسلام آباد۔20مارچ( اے پی پی )پاک بحریہ اورپاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہازپی این ایس ہمت اور پی ایم ایس ایس بسول دوحہ انٹر نیشنل میری ٹائم ڈیفنس نمائش اور پاکستان اور قطر نیول فورسز کے درمیان منعقد ہونے والی پہلی بحری مشق میں شرکت کر نے کے لئے مشن کمانڈر، کموڈور محمدفیصل عباسی کی سر براہی میں 11مارچ2018 کوبندرگاہ حماد پہنچے۔پی این ایس ہمت جدید ترین فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ جہاز ہے جسے مقامی سطح پر پاکستان میں تیار کیاگیا جبکہ بسول پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا جہاز ہے جس کا تعلق میری ٹائم جہازوں کی جدید ہنگول کلاس سے ہے۔یہ جہازبھی پاکستان میں تیار کیا گیا۔دوحہ کی بندر گاہ حماد پہنچے کے بعد جہازوں نے قطر آرمڈ فورسز کی جانب سے منعقدہ دوحہ انٹر نیشنل میری ٹائم ڈیفنس نمائش میں بھر پور شرکت کی ۔ اس مشق کے دوران مختلف سر گرمیوں کا انعقاد ہو اجس میں ملکی و غیر ملکی دفاعی و سکیورٹی وزرائ، چیف آف اسٹافس، بحری افواج کے سر براہان، کوسٹ گارڈ کمانڈرز اور دفاعی وزارتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔