اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے ) میں سینمایٹک فنکاروں کے 100 سال مکمل ہونے کا جشن منایا گیا۔ اس ضمن میں ایک سینما ٹک پوسٹرز کی نمائش منعقد ہوئی۔ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں منعقد ہونے والی سنیمایٹک پوسٹرز کی نمائش کو آرٹسٹ مراد خان نے تیار کیا تھا۔ یہ نمائش 10دنوں تک جاری رہے گی جس میں پچھلی صدی میں سنیما پوسٹرز کے ارتقاء کے ذریعے ایک دلکش سفر پیش کیا گیا ہے۔ سنیما پوسٹرز، بصری کہانی سنانے کا ایک اہم جزو تھے ،یہ پوسٹرز تاریخی طور پر فلموں کی طرف سامعین کو راغب کرنے کے گیٹ وے کے طور پر کام کرتے رہے ہیں تاہم ڈیجیٹل دور کی تشہیراتی حکمت عملیوں کو نئی شکل دینے کے ساتھ اس آرٹ فارم کو مبہم ہونے کے خطرے کا سامنا ہے۔
نمائش کا مقصد ان فنکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے سنیما انڈسٹری کو عروج بخشا ۔ نمائش کے کیوریٹر مراد خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ یہ نمائش سینئر اور ہم عصر دونوں فنکاروں کی انمول شراکت کو خراج تحسین ہے جنہوں نے اپنی شاہکار فلموں کے ذریعے سینما انڈسٹری کو زندہ رکھا۔ سنیما کی فنکاری کے ارتقاء پر روشنی ڈالتے ہوئے نمائش کا مقصد پرانی یادوں کو تازہ کرنا ہے۔ اور ان پوسٹروں کے اندر موجود مہارت کی دوبارہ تعریف کرنا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے ایم ایوب جمالی نے کہا کہ ہمیں پی این سی اے میں اس نمائش کی میزبانی کرنے پر خوشی ہے جو فنی ورثے کو فروغ دینے اور اسے محفوظ کرنے کے اپنے عزم کے مطابق ہے۔
یہ شائقین کے لئے ایک بصری خوشی اور فنکاروں اور فلم سازوں کی آنے والی نسلوں کو تعلیم دینے اور متاثر کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ نمائش کا افتتاح وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے کیا جنہوں نے اس نمائش کے انعقاد کے لئے بھرپور تعاون فراہم کیا۔ نمائش میں تمام فن کے شائقین، سینما کے شائقین اور عام لوگوں نے شرکت کی تاکہ اس غیر معمولی نمائش کے ذریعے سینما کے فنکاروں کی میراث کو یاد کیا جا سکے۔ نمائش 13 دسمبر 2023 تک جاری رہے گی۔ روزانہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک نمائش منعقد ہوگی۔ہفتہ کو نمائش منعقد نہیں ہو گی۔