پی این سی اے میں معروف فوٹوگرافر اور مصنف محمد اظہر حفیظ کی تصویری نمائش "Blacks, Whites & Greys” اور ان کی کتابوں کی تقریب رونمائی

107
PNCA
PNCA

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں معروف فوٹوگرافر اور مصنف محمد اظہر حفیظ کی تصویری نمائش "Blacks, Whites & Greys” اور ان کی کتابوں کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔نمائش میں انتہائی عمدہ تصاویر رکھی گئیں۔یہ نمائش اس قدیم کہاوت کو مجسم کرتی ہے کہ "ایک تصویر ہزار الفاظ کے برابر ہے” اور اس میں پاکستان کے متنوع مناظر اور اس کے لوگوں کی روزمرہ زندگی کو شاندار طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔

اپنے کیمرے کے لینز کے ذریعے اظہر حفیظ ہمیں ایک بصری سفر پر لے جاتے ہیں جو ہمارے ملک کی حسین مناظر اور چہروں میں پائی جانے والی خوبصورتی کو پیش کرتا ہے۔نمائش کے موقع پر اظہر حفیظ نے اپنی تازہ ترین کتابیں بھی لانچ کی ہیں جن میں "بلاعنوان 1 & 2″، "فوٹوگرافر” اور "لیّل پوریہ” شامل ہیں۔ مقررین نے اظہرحفیظ کے کام اور کتابوں کی تعریف کی۔تین دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں، ان کے کام نے زندگی کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا ہے جس کے باعث یہ نمائش اور کتاب کی تقریبِ رونمائی ان کے فنکارانہ سفر کا ایک اہم سنگ میل ہے۔

اس مجموعہ میں ہر تصویر اظہر حفیظ کی غیر معمولی صلاحیت کی گواہی دیتی ہے جو پاکستان کے قدرتی اور ثقافتی ورثے کی گہری روح کو بیان کرتی ہے، ان کا کام نہ صرف ہمارے ملک کی شاندار تنوع کو دکھاتا ہے بلکہ ہمارے وطن پر اللہ کی بے شمار نعمتوں پر گہری فخر کا احساس بھی بیدار کرتا ہے۔”Blacks, Whites & Greys” نمائش 4 ستمبر سے 11 ستمبر 2024 تک پی این سی اے، اسلام آباد کے گیلری نمبر 1 میں عوام کے لئے کھلی رہے گی۔ ہم فنونِ لطیفہ کے شائقین، فوٹوگرافروں اور عام عوام کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ محمد اظہر حفیظ کے غیر معمولی کام کا جشن منانے کے لئے ہمارے ساتھ شامل ہوں۔

پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) پاکستان میں فنون و ثقافت کے فروغ کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ ملک کے ثقافتی ورثے کو محفوظ اور فروغ دینے کے مشن کے ساتھ قائم کیا گیا، پی این سی اے قومی سطح پر فنکارانہ اظہار اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔