اسلام آباد س9ستمبر (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) نے یوم دفاع پاکستان کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر ” اے راہ حق کے شاہدو” کے عنوان سے میوزیکل پرفارمنس ایونٹ کا انعقاد کیا۔ اس موقع پرنگران وفاقی وزیر برائےقومی ورثہ اور ثقافت جمال شاہ مہمان خصوصی تھے۔نامور گلوکاروں جیسے کرن خان، مہدی رضا نے آرکسٹرا کے ساتھ، جیا نعمان، نادر عباس، نعمان لاشاری، معید ہاشمی، کائنات کیانی، استاد شفقت سلامت خان، میڈم گلشن جہاں اور استاد غلام عباس نے قومی ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مزید برآں، نیشنل پرفارمنگ آرٹس گروپ (این پی اے جی) نے قومی گانوں پر مشتمل پرفارمنس پیش کی۔پی این سی اے آڈیٹوریم میں پرجوش سامعین نے تالیوں کی گونج میں گلوکاروں کو خوب داد دی۔
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے اپنے خطاب میں اس بات پر روشنی ڈالی کہ 6 ستمبر کو پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم مقام حاصل ہے۔ یہ ایک سنہرا باب ہے جب پاکستان، اس کی مسلح افواج اور اس کے عوام 1965 میں ملک کے دفاع کے لیے متحد ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ان شہداء کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے اپنے ملک کے دفاع میں لازوال قربانیاں دیں۔
نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں اپنے عوام کی جانب سے دکھائی گئی بہادری کو یاد کرنے اور شیئر کرنے کے لیے یوم دفاع مناتا ہے۔ انہوں نے قوم کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دینے والوں پر فخر کا اظہار کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ اجتماع شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے دلیر شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں اور ہماری یادوں سے کبھی نہیں مٹیں گے۔
انہوں نے اس ناخوشگوار واقعے پر اپنے گہرے افسوس کا اظہار کیا جب 9 مئی کو شرپسندوں نے جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرکے ہمارے شہداء کی یاد کو داغدار کردیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شرپسندوں نے کیپٹن کرنل شیر خان کے مجسمے کو بھی توڑ پھوڑ کر کے ہمارے ہیروز کی عزت کو شرمندہ تعبیر کیا ہے۔قبل ازیں پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد ایوب جمالی نے پی این سی اے آڈیٹوریم میں حاضرین کا پرتپاک استقبال کیا۔