اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے ) ایوب جمالی نے کہاہے کہ پی این سی اے کے زیر اہتمام ہر سال قومی نعتؐ مقابلہ کا انعقاد کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام پہلے قومی نعت مقابلہ کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس نے لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے تین مختلف کیٹیگریز جن میں بارہ سال سے 17 سال تک لڑکوں اور لڑکیوں جبکہ کیٹگری ٹو میں 18 سال سے 25 سال کے لڑکوں اور کیٹگری تھری میں 18 سال سے 25 سال کی لڑکیوں کے مابین نعت مقابلہ منعقد کیا ۔
اس موقع پر تقریب میں معروف شاعر سابق ڈائریکٹر مذہبی امور پاکستان ریڈیو کارپوریشن عبد الرحمن فاروقی مہمان خصوصی تھے ۔نعت مقابلہ میں خیبرپختون خوا،بلوچستان،گلگت بلتستان ،آزادجموں کشمیر،سندھ اور پنجاب سے کل 299 لڑکوں اور لڑکیوں نے حصہ لیا ۔25 اکتوبر 2023 کو منعقد ہونے والے مقابلے کے فائنل رائونڈ کے لیے تینوں کیٹگریز میں 51 نعت خواں مدمقابل تھے ۔بارہ سے سترہ سال کی کیٹگری ون میں ہری پور سے تعلق رکھنے والے محمد فہدنے پہلی ،حیدرآباد کی سونیا صابری نے دوسری اور آزاد جموں کشمیر کے شایان الاسلام نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔
اٹھارہ سے پچیس سال کی کیٹیگری ٹو میں راولپنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے سبرینہ بخاری نے پہلی ،شمائلہ فریدون نے دوسری اور کائنات طارق کیانی نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔اٹھارہ سے پچیس سال کے لڑکوں کی کیٹیگری تھری کے مقابلوں میں میر پور آزادجموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے حافظ سعد علی نے پہلی ،واہ کینٹ سے تعلق رکھنے والے حسن احمد نے دوسری جبکہ ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے دانش فرید نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ نعت مقابلوں کےاختتام پر ڈائریکٹر جنرل پی این سی اےایوب جمالی اور تقریب کے مہمان خصوصی عبد الرحمن فاروقی نے پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی عبد الرحمن فارقی نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کی جانب سے منعقد کئے جانے والے نعت مقابلوں کے انعقاد کو سراہا –