پی ایچ اے نے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے لئےسالانہ شجر کاری مہم کے تحت ڈیڑھ لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقررکردیا

138
PHA
PHA

فیصل آباد۔ 03 جون (اے پی پی):پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد نے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے سالانہ شجر کاری مہم کے تحت ڈیڑھ لاکھ نئے رنگ برنگ، دلکش و خوبصورت پودے لگانے کا ہدف مقررکیاہے جبکہ شہر کے تمام پارکس اور گرین بیلٹس کو پودوں اور پھولوں سے سرسبز و شاداب بنانے کے لئےبھی جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے نیزشہر کے مختلف چوکوں کی ری ڈیزائننگ اور ڈویلپمنٹ بھی حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہے اورپی ایچ اے کی جانب سے پہلی بارانٹرنیشنل ہارٹیکلچر طریقہ کارو معیار کے مطابق جدید ہارٹیکلچر ورکس کو متعارف کرایا گیاہے جس میں مختلف ٹولز اور کم وقت ومحدود ریسورسز میں زیادہ کام لینے کے طریقہ کار شامل ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آبادعبدالقادر شاہ نے اے پی پی کو بتایا کہ پودوں کی بہتر نشوونما کیلئے کمپوسٹ پٹس بنانے کا کام بھی شروع ہے جس سے پلانٹیشن کے لئے آرگینک کھاد میسر آ سکے گی۔انہوں نے بتایا کہ شہر کے بڑے پارکس کے واکنگ ٹریک پر لائٹس میں اضافہ،تمام گاڑیوں کی ریپئرنگ،پی ایچ اے کے زیر انتظام نرسریوں میں پودوں کی نشوونما اور بہتر صفائی،تمام پارکس کی جیو ٹیگنگ،کمیونٹی کی شمولیت اور دیگر امورپر بھی ترجیحی بنیادوں پر توجہ مرکوز ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم محدود وسائل کے باوجود ادارہ کی بہتری کی جانب گامزن ہیں لہٰذا شہر کو خوبصورت،سرسبز و شاداب بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے پیش نظرشکایات درج کرانے کیلئے رابطہ نمبرجاری کیا گیا ہے اسلئے اب شہری پی ایچ اے سے متعلقہ کسی بھی شکایت کی صورت میں موبائل نمبر0335-9992025 پر رابطہ کرسکتے ہیں جہاں موصولہ عوامی شکایات کے جلد از جلد ازالہ کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایچ اے کی طرف سے گرین ایریاز کی ڈویلپمنٹ اور دیگر کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن پر عملی طور پر کام کا آغاز کر دیا گیاہے نیز ادارے کی طرف سے 20 نان ڈویلپ پارکس کی ڈویلپمنٹ پر کام شروع کرنے سمیت شہر کی تمام مرکزی شاہراہوں جھنگ روڈ،سرگودھا روڈ،ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ،نڑوالاروڈ،شیخوپورہ روڈودیگر لنک روڈزکے اطراف گرین ایریاز کو ماسٹر پلان کے تحت خوبصورت بنانے اور ری ڈیزائننگ پر بھی کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ گرینری کے حوالے سے فیصل آباد کے شہری جلد واضح اور خوشگوار و دلکش تبدیلی محسوس کریں گے۔