پنجاب ہائی وے پٹرول کے موبائل ایجوکیشن یونٹ سرگودھا ریجن کے زیر اہتمام گورنمنٹ انبالہ مسلم کالج میں روڈ سیفٹی آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا گیا
پی ایچ پی کے زیر اہتمام گورنمنٹ انبالہ مسلم کالج میں روڈ سیفٹی آگاہی لیکچر کا انعقاد

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):پنجاب ہائی وے پٹرول کے موبائل ایجوکیشن یونٹ سرگودھا ریجن کے زیر اہتمام گورنمنٹ انبالہ مسلم کالج میں روڈ سیفٹی آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔ بدھ کو کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اظہر عباس اور موبائل ایجوکیشن یونٹ پنجاب ہائی وے پٹرول کے باہمی تعاون سے منعقدہ پروگرام میں اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ آگاہی لیکچر کے دوران طلبہ کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کے لازمی استعمال، دورانِ ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر، تیز رفتاری سے گریز اور محفوظ سفر کے اصولوں سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کو بتایا گیا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی نہ صرف اپنی بلکہ دیگر شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔
موبائل ایجوکیشن یونٹ کی ٹیم نے کہا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول کی جانب سے تعلیمی اداروں میں روڈ سیفٹی آگاہی پروگرامز کا مقصد نوجوان نسل کو ٹریفک قوانین کی اہمیت سے روشناس کرانا اور انہیں ذمہ دار شہری بنانے کے ساتھ ساتھ حادثات کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ خود بھی ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنے اردگرد کے افراد کو بھی محفوظ ڈرائیونگ کی ترغیب دیں۔ کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اظہر عباس نے پنجاب ہائی وے پٹرول کے آگاہی پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں روڈ سیفٹی سے متعلق شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے آگاہی پروگرامز طلبہ کو ذمہ دارانہ رویوں اور محفوظ سفر کے اصول اپنانے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔







