اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان کے موقع پرایوان صدرمیں منعقدہ تقریب میں چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم کو ملک کے اعلیٰ ترین ایوارڈ نشان امتیاز سے نوازا۔سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے 14 اگست 2021 کو یوم آزادی کے موقع پر چیئرمین پی اے ای سی محمد نعیم کو سول ایوارڈ سے نوازنے کی منظوری دی تھی۔
چیئرمین محمد نعیم کو نشان امتیاز جیسے قومی ایوارڈ کا عطا ہونا نہ صرف کمیشن میں انکی طویل وابستگی کے دوران قومی مفاد کے منصوبوں میں ان کی شراکت کا اعتراف ہے بلکہ ملکی ترقی کے لیے پی اے ای سی کی انمول شراکت کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ محمد نعیم کو اس سے قبل ہلال امتیاز اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ کمیشن کے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ اس سال ایک این آئی، دو ہلال امتیاز ، تین ستارہ امتیاز ، چار پرائیڈ آف پرفارمنس ، اور پانچ تمغہ امتیاز کمیشن کے سائنسدانوں اور انجینئروں کو دیا گیا ہے۔
اٹامک انرجی کمیشن کے دیگر ایوارڈز یافتگان میں ڈاکٹر انعام الرحمن، ڈاکٹر قمر محبوب، ڈاکٹر مسعود الحسن اور اسلم عمر شامل ہیں۔ یہ اس حقیقت کا عکاس ہے کہ پی اے ای سی ملک کی ترقی کے لیے بھرپور کوشش کر رہا ہے۔سول ایوارڈز کا اعلان ہر سال یوم آزادی (14 اگست) پر کیا جاتا ہے اور ان ایوارڈز کو عطا کرنے کی تقریب یوم پاکستان کے موقع پر 23 مارچ کو منعقد کی جاتی ہے۔