کوئٹہ۔ 06 جنوری (اے پی پی):کوئٹہ کے حلقہ پی بی 45 کے 15 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے بعد فارم 47 جاری کردیا گیا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی علی مدد جتک 6883 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے نصراللہ زیرے دوسرے نمبر پر رہے۔اتوار 5 جنوری کو بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کے 15 پولنگ سٹیشنز پر الیکشن ٹربیونل کے حکم پر دوبارہ پولنگ ہوئی جس کے ریٹرننگ افسرسید نذیر احمد کے دستخط سے جاری کیے گئے۔فارم 47 کے تحت غیر حتمی اورغیر سرکاری نتیجے کے مطابق حلقے میں کل 17752 درست ووٹ ڈالے گئے جبکہ 41 ووٹ مسترد ہوئے ۔
غیر حتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی علی مدد جتک 6883 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے،پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے نصراللہ زیرے نے 4122 اور جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار میر عثمان پرکانی نے 3731 ووٹ حاصل کیے جبکہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مجید خان اچکزئی 998 ووٹ حاصل کرسکے۔حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 35.36 فیصد رہی۔
واضح رہے کہ 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں پی بی 45 سے پیپلزپارٹی کے علی مدد جتک کامیاب ہوئے تھے، جمعیت علماء اسلام کے امیدوار عثمان پرکانی نے الیکشن ٹریبونل میں علی مدد جتک کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔