پی سی ایف کا ”پی سی ایف کلائمٹ یوتھ سمٹ 2025” کا انعقاد

163
Progressive Climate Foundation
Progressive Climate Foundation

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):پروگریسو کلائمٹ فاؤنڈیشن (پی سی ایف) نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے شعبہ ماحولیاتی سائنس اور گرین یوتھ موومنٹ کے اشتراک سے ”پی سی ایف کلائمٹ یوتھ سمٹ 2025” کا انعقاد کیا ۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی کی چیئرپرسن سینیٹر شیری رحمن نے سمٹ میں شرکت کی۔ اس موقع پر سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ پاکستان شدید ماحولیاتی چیلنجز جیسے بڑھتے درجہ حرارت، پانی کی قلت، ناقص صفائی اور پولیو جیسی بیماریوں کے پھیلاؤ کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے قومی نصاب میں ماحولیاتی تعلیم کو شامل کرنے کی اشد ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے احتیاطی ماحولیاتی اقدامات اور سوشل میڈیا پر آگاہی کی اہمیت کو تسلیم کیا اور مقامی ماحولیاتی مسائل پر وائیٹ پیپرز تیار کرنے والے پی سی ایف فیلو کی کاوشوں کو سراہا۔ شیری رحمٰن نے سمٹ میں خواتین کی بھرپور شرکت کو اجاگر کیا، دیہی علاقوں میں پانی کے حصول میں خواتین کے کردار کا ذکر کیا اور زمین کی تقسیم اور کلائیمٹ۔سمارٹ گورننس سے متعلق حکومتی اقدامات کی تفصیلات بھی فراہم کیں۔ انہوں نے کمیونٹی پراجیکٹس، پلاسٹک سے پاک مہمات اور پالیسی سازوں کے حوالے سے نوجوانوں کو متحرک کرنے میں پی سی ایف کی کاوشوں کو سراہا۔

یہ سمٹ نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف متحرک اور بااختیار بنانے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوا جس نے قومی پالیسی مباحثوں میں ان کی آواز کو اجاگر کیا۔ ”مستقبل کی آوازیں: نوجوان قیادت میں ماحولیاتی مکالمہ” کے موضوع پر منعقدہ مباحثے میں نوجوان قائدین، ماحولیاتی ماہرین، پالیسی سازوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بامعنی گفتگو کی۔

پی سی ایف کے بانی اور سی ای او اور برٹش کونسل کے پی وائی ایل آئی پراجیکٹ کے ماسٹر فیسلیٹیٹر توصیف خان نے کہا کہ پی سی ایف کا مشن نوجوانوں کی قیادت میں ماحولیاتی آگاہی، تعلیم، اور کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ سمٹ کے دوران ایک ایوارڈ تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں پی سی ایف کلائیمٹ ایکشن فیلوشپ کے شرکاء کو ان کے اپنے شہروں میں ماحولیاتی مسائل پر تیار کردہ وائٹ پیپرز پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔