کراچی۔2مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمن لیگ کے تین نمائشی میچوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں، نمائشی میچ 8،10 اور 11مارچ کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ حصہ لینے والی دو ٹیمیں امازونز( Amazons)اور سپر وومین ( Super Women)ہیں۔ پی سی بی سے جمعرات کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق خواتین کے میچز دوپہر 2بجے سے شروع ہوں گے اور ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن کے میچوں سے قبل کھیلے جائیں گے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں 8 اور 10 مارچ کو پشاور زلمی کا مقابلہ بالترتیب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز سے ہوگا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ 11 مارچ کو ملتان سلطانز سے ہوگا۔
اس طرح مردوں کے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تین میچوں کے ٹکٹ خواتین کے میچ کے لئے کارآمد ہوں گے ۔ مزید برآں پی سی بی خواتین کا دن منانے کے لیے بدھ کو ٹی ٹوئنٹی میچ اور پنک ربن پاکستان کے اشتراک سے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لئے جمعہ کو دوسرا نمائشی میچ کھیلا جائے گا۔ ہفتہ کو تیسرا اور آخری نمائشی میچ سرکل ویمن کے تعاون سے تعلیم کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کھیلا جائے گا۔ پی سی بی نے تینوں میچوں کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا، تینوں میچوں کی ریفرینگ کے فرائض محمد انیس سرانجام دیں گے۔ شوزب رضا 8 مارچ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے سلیمہ امتیاز کو آن فیلڈ امپائر کے طور پر جوائن کریں گے۔ طارق رشید تھرڈ امپائر اور حمیرا فرح فورتھ امپائر ہوں گی۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے شوزب رضا اور حمیرا فرح آن فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے، طارق رشید اور سلیمہ امتیاز تھرڈ اور فورتھ امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے طارق رشید اور سلیمہ امتیاز آن فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ شوزب رضا اور حمیرا فرح تھرڈ اور فورتھ امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گی۔ حمیرا فرح نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ویمن لیگ کے نمائشی میچوں کی ذمہ داری سنبھالنے پر فخر محسوس کر رہی ہوں۔ ان میچوں سے خواتین کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا موقع فراہم کرے گا۔ یہ ایک کھلاڑی کے طور پر اور ایک آفیشل کے طور پر اس کھیل میں مزید خواتین کو آنے کی ترغیب دینے کے لئے اہم ہے۔
سلیمہ امتیاز نے کہا کہ پی سی بی نے ویمنز لیگ کے نمائشی میچز کے انعقاد کے حوالے سے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ یہ میچز پاکستان ویمنز لیگ کو مکمل طور پر متعارف کرانے میں ایک طویل سفر طے کریں گے، جس سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ایک پیشہ ور کے طور پر اس کھیل کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ خواتین کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک نے کہا کہ ویمن لیگ کے نمائشی میچز کے انعقاد پر میں بہت پرجوش ہوں۔ یہ نمائشی میچز ہمارے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کوئی لیگ کھیلتے ہیں تو یہ مقامی کھلاڑیوں کو ان کی مہارت کی سطح کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کرتا ہے اور یہ کھلاڑیوں کو اپنے کھیل کو بہتر بنانے کی ترغیب بھی دیتا ہے۔ تانیہ نے شائقین سے خواتین کرکٹ میچز میں اسٹیڈیم آنے کی بھی اپیل کی۔