پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ 9 کے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا

114

کراچی۔ 12 فروری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 9کے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے۔ پی سی بی کی طرف سے پیر کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق لیگ کے پہلے مرحلے میں17سے 27فروری تک لاہور اور ملتان میں مجموعی طور پر 14 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ کراچی اور راولپنڈی میں 28فروری سے 12مارچ تک 16میچ کھیلے جائیں گے۔ 14سے 18مارچ تک کراچی میں ہونے والے کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل کے لئے میچ آفیشلز کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف امپائرز کے چار ارکان رچرڈ النگورتھ، کرس گیفینی،احسن رضا اور مائیکل گف کے ساتھ علیم ڈار، طارق رشید، شوزیب رضا، راشد ریاض، فیصل آفریدی، روچیرا پالیاگوروگے، آصف یعقوب ، الیکس وارف، عبدالمقیت، محمد آصف ،ناصر حسین اور عمران جاوید شامل ہیں۔

غیر ملکی امپائرز میں سے النگورتھ اس سے قبل لیگ کے چھ ایڈیشنز میں امپائر رہ چکے ہیں، انہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں 48میچوں میں امپائرنگ کی ہے۔انگلینڈ کے گف اس سے قبل چار ایڈیشنز کے 34 میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں، اس کے بعد وارف 11میچزاور سری لنکا کے پالیا گوروگے 3 میچز سپروائز کرچکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے گیفینی 18فروری کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان لیگ میں اپنا پہلا میچ سپروائز کریں گے۔

روشن ماہناما جنہوں نے لیگ کے 97میچوں میں میچ ریفری کے فرائض انجام دئیے ہیں، وہ آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے سابق رکن بھی ہیں، اپنے مسلسل نویں سال میں پی ایس ایل میں ہوں گے اور تین میچ ریفریوں کی ٹیم کی قیادت کریں گے جن کے دیگر اراکین علی نقوی اور محمد جاوید ہیں۔

لاہور میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونے والے افتتاحی میچ میں تجربہ کار امپائر علیم ڈار اور مائیکل گف امپائرنگ کریں گے۔طارق رشید ٹی وی امپائر ہوں گے جبکہ شوزیب رضا ریزرو امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ میچ ریفری کے فرائض محمد جاوید سرانجام دیں گے۔