پی سی بی نے پری سیزن ریڈ و وائٹ بال کیمپس کےلئے 49 کرکٹرز کو مدعو کر لیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پری سیزن ریڈ بال اور وائٹ بال کیمپس کےلئے 49 کرکٹرز کو مدعو کر لیا ،ریڈ بال کیمپ8 جون سے 10 جولائی تک جاری رہے گاجس میں22 کھلاڑی شرکت کریں گے

لاہور۔7جون (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پری سیزن ریڈ بال اور وائٹ بال کیمپس کےلئے 49 کرکٹرز کو مدعو کر لیا ،ریڈ بال کیمپ8 جون سے 10 جولائی تک جاری رہے گاجس میں22 کھلاڑی شرکت کریں گے جبکہ وائٹ بال کیمپ15 جون سے 18 ستمبر تک جاری رہے گا اور اس میں27 کھلاڑی شریک ہوں گے۔پی سی بی کے مطابق آسٹریلیا کےخلاف حالیہ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کھیلنے والے منتخب ریڈ بال کھلاڑی 15 جون سے کیمپ جوائن کریں گے۔دونوں کیمپس کا مقصد آئندہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک مقابلوں کےلئے کھلاڑیوں کی تیاری کو مزید بہتر بنانا ہے۔کیمپ کے دوران کھلاڑی قومی ٹیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز کی نگرانی میں اپنی مہارتوں اور فٹنس پر کام کریں گے جبکہ پی سی بی کا میڈیکل سٹاف بھی ان کے فٹنس پروگرام کی نگرانی کرے گا۔ کھلاڑیوں کےلئے کوچز کے ساتھ ون آن ون سیشنز کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں حال ہی میں بنگلہ دیش کے دورے اور آسٹریلیا کےخلاف ون ڈے سیریز سے قبل بھی خصوصی کیمپس منعقد کئے گئے تھے۔ریڈ بال کیمپ میں عامر جمال، عبداللہ فضل، ابرار احمد، علی عثمان، عماد بٹ، اذان اویس، بابر اعظم، امام الحق،خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان، محمد اویس ظفر، محمد غازی غوری، عبید شاہ، ساجد خان، سلمان علی آغا، ثاقب خان، سعود شکیل، شاہنواز دھانی، شہزاد گل اور شان مسعود شامل ہیں۔دوسری جانب وائٹ بال کیمپ کےلئے عبدالصمد، عبدالسبحان، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، فیصل اکرم، فخر زمان، فرحان یوسف، حیدر علی، حسن نواز، خواجہ محمد نافع، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، رضا اللہ، روحیل نذیر، سعد بیگ، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سمیر منہاس، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شامل حسین، سفیان مقیم اور عثمان خان کو مدعو کیا گیا ہے۔