راولپنڈی۔9جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2025 میں ہونے والے ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹس کے مکمل شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، تین فرسٹ کلاس ٹورنامنٹس بشمول پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ، پاکستان کے بمپر ڈومیسٹک کرکٹ کیلنڈر کے اہم ٹورنامنٹس ہوں گے۔پی سی بی کے مطابق ریڈ بال کے علاوہ وائٹ بال کے ٹورنامنٹس پر بھی توجہ دی جائے گی جس میں ایک 50 اوورز کا لسٹ اے ایونٹ، تین ٹی 20 اور ایک نان فرسٹ کلاس تین روزہ ٹورنامنٹ شامل ہے، ایج گروپ ٹورنامنٹس میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں جن میں انڈر 15، انڈر 17 ون ڈے کپ اور انڈر 19 تین روزہ ٹرافی شامل ہے ، 2025 میں 21 ڈومیسٹک، ایج گروپ اور پاتھ ویز ٹورنامنٹس منعقد ہوں گے ، اس میں کم از کم 131 فرسٹ کلاس، 37 پچاس اوورز کے لسٹ اے اور 119 ٹی 20 میچز شامل ہیں ۔مزید برآں ملک بھر میں کلب، ایج گروپ، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے دس ہزار سے زیادہ میچز ہوں گے جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، 18 ٹیموں پر مشتمل قومی ٹی 20 کپ مارچ میں ہو گا اور یہ پاکستان بھر کے 16 علاقوں کے کھلاڑیوں کو مختصر ترین فارمیٹ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا مواقع فراہم کرے گا، پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو ، نان فرسٹ کلاس تین روزہ ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹ اپریل اور مئی میں کھیلا جائے گا ، پاکستان سپر لیگ کا دسواں ایڈیشن اپریل اور مئی میں ہو گا جس کے بعد سینئر مینز کے ڈومیسٹک ایونٹس تین ماہ کے لیے رک جائیں گے۔اس مدت کے دوران پی سی بی 16 ریجنز میں تربیت، فٹنس اور کنڈیشننگ کیمپ منعقد کرے گا تا کہ کھلاڑیوں کو آنے والے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے لیے تیار کیا جا سکے، ساتھ ہی ساتھ سال کے دوسرے نصف حصے کی تیاری بھی کی جائے گی، دو بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹس جن میں قائد اعظم ٹرافی اور چیمپیئنز کپ شامل ہے ، ستمبر اور اکتوبر میں کھیلے جائیں گے ، یہ ایونٹس کھلاڑیوں کو ریڈ بال میچوں میں پرفارم کرنے کے مواقع فراہم کریں گے، 50 اوورز کا لسٹ اے ٹورنامنٹ پریذیڈنٹ کپ گریڈ ون نومبر اور دسمبر کی ونڈو کے لیے رکھا گیا ہے جس کے بعد چیمپئنز ٹی 20 کپ کا دوسرا ایڈیشن ہو گا۔چیمپئنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ جنوری 2026 میں کھیلا جائے گا، ایج گروپ اور پاتھ ویز پر پی سی بی نے انڈر 13 اور انڈر 16 کیٹگریز کا جائزہ لینے کے بعد انہیں انڈر 15 اور انڈر 17 کے طور پر دوبارہ شروع کیا ہے تا کہ قومی ٹورنامنٹس میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔اس فیصلے کا مقصد ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا اور نوجوانوں کو ان کے متعلقہ عمر کے گروپوں میں بڑھنے اور ابھرنے کے لیے وقت فراہم کرنا ہے۔
قومی انڈر 19 کپ 18 علاقائی ٹیموں کے درمیان ستمبر میں کھیلا جائے گا کیونکہ انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 19 کے بہترین کھلاڑی علاقائی اکیڈمیوں میں ترقی کریں گے اور پھر اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے، کلب، ضلعی اور علاقائی سطح سے کام کرنے کے بعد بہترین انڈر 19 مینز کرکٹرز کو پانچ مینٹورز کی رہنمائی میں افتتاحی پانچ ٹیموں کے چیمپئنز انڈر 19 کپ اور ٹرافی کے لیے جمع کیا جائے گا اور یہ دونوں ٹورنامنٹس اکتوبر اور نومبر میں ہوں گے۔ڈسٹرکٹ انڈر 19 اور سینئر ایونٹس کے ساتھ ساتھ انٹر سکولز، کالجیٹ اور یونیورسٹیز ٹورنامنٹس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔