پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے ایشین گیمز 2026 کے لئے 5 رکنی قومی مردوں کی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
پی سی بی کا ایشین گیمز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔10جون (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے ایشین گیمز 2026 کے لئے 5 رکنی قومی مردوں کی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ جاپان کے شہر آئچی ناگویا میں19 ستمبر سے4 اکتوبر تک منعقد ہونے والے ایشین گیمز میں پاکستان ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کریں گے، جبکہ عبدالصمد کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ایشین گیمز کے مردوں کے ٹی20 ایونٹ میں 10 ٹیمیں شرکت کریں گی اور مقابلے آئچی پریفیکچر کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں 24 ستمبر سے شروع ہوں گے، جبکہ میڈل کے لے فائنل مقابلے3 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ 30 سالہ صاحبزادہ فرحان پاکستان کی جانب سے 46 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے1,305 رنز سکور کیے، جن میں 2 سنچریاں اور10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ نائب کپتان عبدالصمد پاکستان کی نمائندگی پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں کر چکے ہیں۔
اعلان کردہ سکواڈ میں عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت اور سعد مسعود ایسے کھلاڑی ہیں جو تاحال پاکستان کی جانب سے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو نہیں کر سکے۔ ایشین گیمز کے لئے منتخب کیے گئے15 کھلاڑیوں میں سے 14 کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے وائٹ بال کیمپ کا بھی حصہ ہیں، جو 15 جون سے لاہور میں شروع ہوگا۔ قومی سکواڈ میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔ٹیم کے معاون عملے میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، بولنگ کوچ ایشلے نوفکے، فیلڈنگ کوچ شین میک ڈرموٹ، فزیوتھراپسٹ محمد طاہر، ٹرینر عمران اللہ اور اینالسٹ و ٹیم آپریشنز کوآرڈینیٹر عثمان ہاشمی شامل ہیں۔








