پی سی بی کی کورونا وائرس کے تمام 128 ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق ، تمام کھلاڑی اور آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں ، وسیم خان

137

لاہور۔19 مارچ(اے پی پی )پاکستان کرکٹ بورڈ نے17مارچ بروز منگل کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں شریک کْل 128 کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اراکین،میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور ٹیم مالکان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے۔ پی سی بی تصدیق کرتا ہے کہ ان تمام افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔پی سی بی نے احساسِ ذمہ داری کے تحت ان ٹیسٹوں کو منعقد کروانے کا فیصلہ کیا۔علاوہ ازیں، ملتان سلطانز کی جانب سے16 مارچ بروز پیر کو کروائے گئے کورونا وائرس کے تمام17 ٹیسٹ کے نتائج بھی منفی آئے ہیں۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی ساکھ کے لیے کھلاڑیوں اور دیگر کے ٹیسٹ کروانا ضروری تھا کہ ایونٹ کے اختتامی مرحلے تک شرکت کرنے والے کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور ٹیم مالکان کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پس منظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہے کہ تمام کھلاڑی اور میچ آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں اوروہ بغیر کسی خدشہ کے ایک بار پھر اپنے اپنے خاندان کاحصہ بن گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی اپنے ملازمین کے مکمل تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ کے تمام مداحوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ احتیاط برتیں اور معاشرے کے دیگر افراد کی بہبود کا بھی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کرکے اس وباء سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ ان حالات میں ہمیں مصافحہ کرنے یا گلے ملنے سے مکمل گریز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعات سے دور رہیں اور کھانسنے یا چھینکنے والے افراد کے ساتھ قریبی رابطے سے گریز کریں۔ انہوں نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ وباء سے نجات کے لیے دوسروں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے لیے بھی آگاہی فراہم کریں۔وسیم خان نے مزید کہا پی سی بی دعاگو ہے کہ حالات جلد معمول پر آئیں اور خواہش ہے کہ ہم جلد میدانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد دیکھ سکیں۔اس دوران تمام 25 غیر ملکی کھلاڑی، اسپورٹ اسٹاف میں شامل اراکین اور میچ آفیشلز اپنے اپنے وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔