پی سی بی کے جو بھی معاہدے ہیں، انہیں پورا کیا جائے گا، ملک میں ویمن کرکٹ کو مضبوط کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا، نجم سیٹھی

120

لاہور۔23دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی سی بی کے جو بھی معاہدے ہیں، انہیں پورا کیا جائے گا میں پاکستان ویمنز لیگ کے حق میں ہوں، اس پر ضرور کام کیا جائے، ملک میں ویمن کرکٹ کو مضبوط کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا ۔میری کوشش ہو گی کہ قومی ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچز ہوں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز نیشنل پرفارمنس سنٹر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہائی پرفارمنس کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پی سی بی کے جو بھی معاہدے ہیں، انہیں پورا کیا جائے گا۔ میں پاکستان ویمنز لیگ کے حق میں ہوں، اس پر ضرور کام کیا جائے، ملک میں ویمن کرکٹ کو مضبوط کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔

نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک اور غیرملکی کوچز کے حوالے سے آئندہ بات کریں گے، ماضی میں میرے دور میں غیر ملکی کوچز کا تجربہ اچھا رہا، میری کوشش ہو گی کہ قومی ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچز ہوں کوشش ہوگی کہ جلد پشاور میں کرکٹ لے کر جائیں، پشاور میں اسٹیڈیم مکمل ہونے میں وقت درکار ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم کرکٹ کو کوئٹہ بھی لے کر جائیں گے، سب سے بات ہوگئی ہے ۔

پی ایس ایل 8 کے میچز کوئٹہ میں بھی کروانے کی کوشش کر رہے ہیں، پہلی مرتبہ بگٹی اسٹیڈیم میں بھی میچز ہوں گے ۔پی سی بی بگٹی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کے لئے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرے گا، پی سی بی کے سکیورٹی ماہرین اور مقامی حکام تماشائیوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔