راولپنڈی۔8جنوری (اے پی پی):پی سی بی کے زیر اہتمام پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہو گیا، 9 ڈپارٹمنٹل ٹیموں کے درمیان پہلے رائونڈ کے میچ مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جا رہے ہیں، ایچ پی سی اوول گراؤنڈ میں دفاعی چیمپئن ایس این جی پی ایل نے پی ٹی وی کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنا لئے ، قاسم اکرم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 26 چوکوں کی مدد سے 138 رنز بنائے ، مبصر خان نے 100 اور شاہ زیب خان نے 66 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں واپڈا کی ٹیم کے آر ایل کے خلاف پہلی اننگز میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، محمد عمار 75 اور ایاز تصور 50 رنز بنا کر نمایاں رہے ، ارشداللہ اور شاہد عزیز نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں، کھیل ختم ہونے پر کے آر ایل نے بغیر کسی نقصان کے 3 رنز بنائے تھے،
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ایشال ایسوسی ایٹ کی ٹیم ہائر ایجوکیشن کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 341 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، دانش عزیز نے شاندار سنچری بنائی ، انہوں نے 15 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 121 رنز بنائے، اذان اویس 69 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے ، محمد عزب نے 5 وکٹیں حاصل کیں، ہائر ایجوکیشن نے کھیل ختم ہونے پر بغیر کسی نقصان کے 34 رنز بنائے تھے،
ایس بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں او جی ڈی سی ایل کی ٹیم اسٹیٹ بینک کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 171 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، حسن رضا نے 84 رنز کی اننگز کھیلی ، کاشف بھٹی اور محمد اسمعیل نے چار ، چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،اسٹیٹ بینک نے کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں پر 78 رنز بنا لئے ، فواد عالم 28 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، مشتاق کلہوڑو نے تین وکٹیں حاصل کیں ۔