پشاور۔ 31 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے ہفتہ کو بٹ خیلہ میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مالاکنڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نو منتخب کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔ وفاقی وزیر نے ڈسٹرکٹ بار مالاکنڈ کےلیے 20 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کیا۔ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران، مقامی رہنماؤں اور وکلاء برادری کے ارکان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انجینئر امیر مقام نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دی اور وکلاء برادری کی خدمت اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے میں ان کی کامیابی کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وکلاء انصاف کو یقینی بنانے اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری ہمارے عدالتی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب کابینہ لگن، دیانت اور انصاف کے اصولوں کے مطابق اپنا کام جاری رکھے گی۔ اس موقع پر نو منتخب صدر افتخار یوسفزئی ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری شیر علی ایڈووکیٹ، مسلم لیگ (ن) مالاکنڈ کے ضلعی صدر سجاد احمد خان اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مالاکنڈ کے سابق جنرل سیکرٹری شاہ فیصل ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔
وفاقی وزیر نے نو منتخب کابینہ کے ارکان سے حلف لیا جن میں صدر افتخار یوسفزئی ایڈووکیٹ، نائب صدر سجاد احمد ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری شیر علی ایڈووکیٹ، فنانس سیکرٹری ضیاء الرحمن ایڈووکیٹ، جوائنٹ سیکرٹری فیصل اخوند خیل ایڈووکیٹ، لائبریرین عرفان کنڈی خان ایڈووکیٹ اور پریس سیکرٹری نسیم الحق ایڈووکیٹ شامل ہیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سوات ڈویژن کے صدر واجد علی خان، مسلم لیگ (ن) مالاکنڈ کے ضلعی صدر سجاد خان، صوبائی سینئر نائب صدر ایصال خان، صوبائی جوائنٹ سیکرٹری نجم خان، مالاکنڈ ڈسٹرکٹ کےلیے وزیراعظم کے یوتھ کوآرڈینیٹر ارشد علی خان، بٹ خیلہ سٹی کے صدر علی محمد خان، لطیف خان، سابق ڈسٹرکٹ بار مالاکنڈ کے صدر غفران احد اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
بعد ازاں انہوں نے چکدرہ دیر لوئر میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے یوم تشکر ریلی کے طور پر خطاب کیا اور معرکہ حق کے دوران پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے دشمن کے مقابلے میں واضح برتری اور طاقت کا مظاہرہ کیا. انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کےلیے بھارت پراکسی وار میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے مذموم عزائم کو اتحاد سے ناکام بنایا جائے گا۔ پوری قوم پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ بلوچستان میں بھارت کے زیر سرپرستی خوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔
انہوں نے ملک کو اقتصادی دلدل سے نکالنے اور انتھک کوششوں کے بعد معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کا کریڈٹ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، لوڈشیڈنگ ختم کی اور موٹرویز کا جال بچھانے کے علاوہ چترال میں طویل انتظار کے بعد لواری ٹنل کو مکمل کیا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں اپنی 12 سالہ حکومت کے دوران تمام محاذوں پر ناکام رہی جہاں میگا کرپشن کے کیسز سامنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اپنی منفی سیاست اور ناقص حکمرانی کی وجہ سے پی ٹی آئی سے دوریاں اختیار کر رہے ہیں اور مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا میں اگلی حکومت بنائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603805