اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ تخریبی ہتھکنڈوں کو ایک طرف رکھیں ، قومی ترقی کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، ملک کی عظیم تر بھلائی کے لئے تعاون کو فروغ دیا جائے۔
ہفتہ کو ایک انٹرویو میں انہوں نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ اپنے اختلافات کو دفن اور تفرقہ انگیز سیاست کو مسترد کر دیں کیونکہ بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی اتحاد ضروری ہے۔ دانیال چوہدری نے کہا کہ بیرونی خطرات سے ملک کے دفاع کے لیے متحد سیاسی موقف کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے پی ٹی آئی کو اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھنا چاہیے۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کاموں کے لیے مستقل طور پر نامناسب وقت کا انتخاب کرتی ہے ۔دانیال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتیں ایک نازک موڑ پر اقتدار میں آئیں جب ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی کی سرشار قیادت میں ان کی ٹیم کی کاوشوں سے قوم اس مشکل سے نکلی اب ملک استحکام اور معاشی بحالی کی طرف بڑھ رہا ہے۔
دانیال چوہدری نے نشاندہی کی کہ پی ٹی آئی کی اندرونی تقسیم پارٹی کو کمزور کر رہی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ ذاتی ایجنڈوں پر اجتماعی مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے سیاست میں زیادہ پختہ اور مربوط انداز اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج، قوم اور حکومت نے دشمنوں کو ایک مضبوط، متحد پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں متحد ہے اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ دانیال چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا کیونکہ شہریوں کی سلامتی سب سے اہم ہے۔