اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):وزارت داخلہ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران دہشت گردی کے اندیشے پر عوامی اجتماع موخر کرنے کی تجویز دیدی ،،عوامی اجتماعات میں خودکش یا بم حملہ بھی ہو سکتا ہے ، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر کو بھی ممکنہ خطرات سے آگاہ کر دیا گیا ۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں دہشت گردی کے اندیشے سے متعلق وزارت داخلہ نے ایک مراسلہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کو ارسال کیا ہے جس میں ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا حوالہ دیا گیا ہے ۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انتہا پسند جماعتیں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر دہشتگردی کا حملہ کر سکتی ہیں،حملے میں بیرونی عناصر کی جانب سے بھی کاروائی کا اندیشہ ہے ،عوامی اجتماعات کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے ،عوامی اجتماعات میں خودکش یا بم حملہ بھی ہو سکتا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی میں عوامی اجتماع کو موخر کرے ۔