ملتان ۔16جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے فارن فنڈنگ کے حوالے سے تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کیں۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کیسز میں تمام تفصیلات دے دی ہے اور بتادیا کہ فنڈنگ کہاں سے آئیں‘ فارن فنڈنگ کیس پر پی ٹی آئی جواب دے رہی ہے اور دے گی۔ 19 تاریخ کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کیا گیا ہے پی ڈی ایم کی جانب سے اگر 18 تاریخ کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی پیش ہو کر اپنا حساب دیتی ہے تو 19 کوان کے احتجاج کا جواز بنتا ہے۔احتجاج کریں مگر جمہوری انداز میں کریں قانون شکنی نا کریں۔یہ احتجاج نجات کا ذریعہ ہو سکتا ہے احتساب نہیں۔اپوزیشن کی جانب سے ہمیں تو مذاکرات کا کوئی اندیہ نظر نہیں آ رہا۔ کیا اپوزیشن مذاکرات کے لئے تیار ہے تو ہمیں ایجنڈا پیش کریں۔انہوں نے کہاکہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں 11 ممبران نے کشمیر پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران کا نقطہ نظر پاکستان کے نقطہ نظر کے مطابق تھا۔ ہمارے اقدامات سے واضح ہوگیا کہ کشمیری کا مسئلہ انڈیا کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔ہندوستان تاثر دیتا آیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات معمول پر آچکے ہیں مگر وہاں جبر آج بھی جاری ہے۔ آج بھی ہزاروں کی تعداد میں کشمیری جیلوں میں قید ہیں۔ آج بھی کشمیری نوجوانوں کو بلا وجہ اٹھایا جا رہا ہے جن کی لاشیں ملتی ہیں۔یورپی یونین کی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ امریکا میں نئی انتظامیہ آنے والی ہے، امید ہے نئی انتظامیہ مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرے گی اورجو بائنڈن سے بھی امید ہے کہ وہ بھارت کو انسانی حقوق پر تنبیہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں انڈیا دہشت گردی اور انتشار پھیلا رہا ہے۔ہمارا آئین ومذہب اقلیتوں کے تحفظ کا کہتاہے۔جیسے ہم مندروں کو دوبارہ تعمیر کر رہے ہیں تو ہندوستان بھی یہ رویہ اختیار کرے۔انہوں نے کہاکہ کچھ عناصر سانحہ مچھ پر سیاست کرنا چاھتے تھے جس پر افسوس ہے۔سیکیورٹی صورتحال میں ایک نمایاں بہتری آئی ہے۔ کوئٹہ میں وزیر اعظم اور آرمی چیف نے ہزاراہ کمیونٹی کے لواحقین کواعتماد دلایا ہے کہ سانحہ میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ملائیشیا میں طیارے کی ضبطگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق پی آئی اے کا طیارہ لیز پر لیا گیا تھا جس کا مالک کے ساتھ تنازعہ چل رہا تھا۔ اس طیارے پر عدالت میں کیس چل رہا تھا۔ایوی ایشن ڈویز ن اس معاملے پر بات چیت کررہے ہیں۔ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ لوگ راتوں رات منافع چاہتے ہیں وہ حکومت اور عوام کے لیے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ مہنگائی کی کچھ وجوہات ہوتی ہیں چینی اور گندم امپورٹ کی لیکن کچھ لوگ منافع خوری کرتے ہیں۔ منافع خور اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اور حکومت مہنگائی پر قابو پانے کی کوششیں کررہی ہے،اس حوالے سے سخت اقدامات کریگی۔براڈ شیٹ سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہاکہ براڈ شیٹ سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے کمیٹی قائم کر دی، تحقیقات کے بعد دودھ کادودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ جنہوں نے ملکی وسائل منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیے انہیں حساب دینا چاہیے۔قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔انہوں نے این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا۔ جن میں یونین کونسل16‘ 19‘21‘50 ’41‘51شامل ہیں۔اس دوران انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں اور عمائدین علاقہ سے ملاقات کی۔ ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔انہوں نے یوسی 50 کے دورہ کے دوران 50لاکھ روپے کی ترقیاتی گرانٹ کا اعلان کیا جس کے ذریعے سیوریج،پانی وسڑکوں اور سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ یوسی 51 میں دو کروڑ ‘79 لاکھ روپے گرانٹ سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ یونین کونسل19 کے دورہ کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ اس یونین کونسل میں 1 کروڑ70 لاکھ کی لاگت سے ٹف ٹائل ‘ سیوریج کا منصوبے ‘ پینے کا صاف پانی فراہمی کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے یونین کونسل 19 کے لئے200سٹریٹ لائٹس لگانے کا اعلان کیا۔یوسی 21 کے دورہ کے دوران وزیر خارجہ م مخدوم شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ اس یونین کونسل میں 2کروڑ30لاکھ روپے کی لاگت سے سڑکوں ‘ ٹف ٹائل ‘سیوریج اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے زیر تکمیل ہیں۔یونین کونسل16 کے دورہ کے دوران عمائدین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس یونین کونسل میں 2 کروڑ 50لاکھ کی لاگت سے ترقیاتی کام زیر تکمیل ہیں جو یہاں کی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران عوام سے جوبھی وعدے کئے انہیں مکمل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔یونین کونسل 41 میں معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جنوبی پنجاب اور ملتان کو اسکا حق ملنا چاہے۔ملتان کی سیوریج کا نظام ختم ہو چکا ہے۔ اربوں روپے کی لاگت سے ملتان کا سیوریج نظام تبدیل کر رہے ہیں۔ ملتان میں گیس پریشر کمی ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ پرانے و بوسیدہ پائپ لائنز ہیں۔ سوئی گیس کی پرانی پائپ لائنز کو بتدریج تبدیل کرکے گیس پریشر میں کمی کے مسئلہ کو حل کیا جائیگا۔انہوں نے یونین کونسل41 کے سیوریج نظام کی تبدیلی کیلئے1کروڑ روپے کی گرانٹ کااعلان کیا۔اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی‘ شیخ طاہر‘ منور قریشی ودیگر شخصیات موجود تھے