پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ،خونی مارچ ہے ، مارچ کے اسلام آباد آنے کے کوئی آثار نہیں ہیں،وزیر اعظم کے مشیر عطاء تارڑ کی پریس کانفرنس

215
پی ٹی آئی والے مریم نواز کےفوبیا میں مبتلا ہیں ، عمران نیازی مجھے بچائو کی دہائیاں دے رہے ہیں ، معاون خصوصی عطاء تارڑ کی پریس کانفرنس

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے نارکوٹکس کنٹرول عطاء تارڑ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اصل میں خونی مارچ ہے ، مارچ کے اسلام آباد آنے کے کوئی آثار نہیں ہیں ،آج بھی چودہ سال کا بچہ کنٹینر سے ٹکرا کر جاں بحق ہو گیا، کس کے ہاتھ پر اس بچے کا لہو تلاش کریں ، اب ٹرینڈ بن گیا ادھر بندہ مرے ادھر بڑا چیک لے کر اسکے گھر پہنچ جائیں،کیا چیک سے انسانی جان کے نقصان کا ازالہ ہو سکتا ہے ،فیصل واوڈا کی بات سچ ثابت ہو رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان لوگوں کے سیلاب کی توقع کر رہے تھے،پی ٹی آئی لوگوں کو موبیلائز کرنے میں ناکام رہی اسی لئے مارچ کچھوے کی رفتار سے آ رہا ہے ،ابھی مارچ کے اسلام آباد آنے کے آثار نہیں اسی لئے تاریخ نہیں دے رہے ،فواد چوہدری نے ایک دوست کو کہا کہ بندے نہیں آئے تو کیا ہوا سیاسی تحریک تو جاری ہے ۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ عمران خان آپ شام کو لاہور آتے ہیں ، ریسٹ کرتے ہیں اور اگلی دوپہر پھر مارچ پر نکل پڑتے ہیں، یہ لانگ مارچ نہیں گوگی بچا ئو مارچ ہے،یہ این آر او چاہتے ہیں اور اپنی چوریاں چھپانا چاہتے ہیں ، عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس میں طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے ، سیف نیازی اسی کیس میں مفرور ہیں،انھوں نے نوٹس کا جواب بھی نہیں دیا،وہ پشاور میں روپوش ہیں۔

اسی طرح عمران خان سے پوچھا گیا ایم سی بی اکائونٹ میں باہر سے آئے پیسوں کا ذمہ دار کون ہے لیکن عمران خان کو جاری نوٹس کے جواب کا انتظار ہے ، طارق شفیع کے اکائونٹ میں عارف نقوی کے اکائونٹ سے 2.1بلین ڈالر آئے جو تحریک انصاف کو بھجوائے گئے ، طارق شفیع کو استعمال کیا گیا،یہ پیسہ کسی نہ کسی جرم کی نتیجہ میں بیرون ملک کمایا گیا جبکہ طارق شفیع کہتے ہیں مجھے کچھ یاد نہیں یہ رقم کہاں سے آئی،اور یہ تحریک انصاف کے اکائونٹ میں ٹرانسفر کئے یعنی یوں کہنا چاہیے کہ ابھی تک طارق شفیع کسی بھی سوال کوئی بھی تسلی بخش جواب نہیں دے سکے ،حیران کن بات ہے جب ان کو بلایا جاتا ہے انکی یاداشت کمزور پڑ جاتی ہے ، طارق شفیع کے حوالے سے اتنا مواد سامنے آ چکا ہے کہ جب چالان جمع ہو گا تو بہت سی چیزیں واضح ہو جائیں گی ،سائفر معاملہ پر سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ملک سے اگست سے فرار ہیں ،اعظم خان نے آج ایف آئی اے کو ایک ای میل لکھی اورکہا کہ پندرہ دن بعد شاید پاکستان آجائو ں گا۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے نارکوٹکس کنٹرول عطاء تارڑ نے کہا کہ اعظم خان تحقیقات کا سامنا کیوں نہیں کرتے،کہیں نہیں بتاتے یہ منسٹس کس نے اور کیوں بنائے،کتنی میٹنگز ہوئیں۔اعظم خان نے ای میل میں کہا کہ مجھے 15 نومبر کے بعد کی تاریخ دی جائے ۔عطاء تارڑ نے کہاکہ عمران خان کے قریبی ساتھی ایک ایک کرکے بیرون ملک فرار ہو رہے ہیں،فرح گوگی،احسن گجر،اعظم خان بیرون ملک فرار ہیں ، سائفر معاملہ پر شاہ محمود،اسد عمر کو بھی بلایا گیا،یہ نہ ہو یہ بھی ملک چھوڑ کر چلے جائیں ، اسد عمر کو آج بلایا گیا تھا لیکن ابھی تک انھوں نے جواب جمع نہیں کروایا ، اگران کا دامن صاف ہے تو تحقیقات کا سامنا کیوں نہیں کرتے ، بیرون ممالک جانے والوں کو کہنا چاہتا ہوں،یہ بچنے کا رستہ نہیں ہے آپکو جواب دینا پڑے گا ،فارن فنڈنگ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ پی ٹی آئی کے لوگ اس پیسہ کو ذاتی استعمال میں بھی لائے ،

مارچ کا مقصد گوگی کو بچانا ہے،این ار او لینا ہے لیکن یہ ہونا نہیں ہے ، بھارتی ریٹائرڈ میجر گوروو آریہ ٹویٹ کرتا ہے کہ عمران خان کو دل کھول کر عطیات دیں،مارچ کی کامیابی میں بھارت کا فائدہ ہے اب سمجھ آیا کہ بھارتی تعمیراتی کمپنی آپکو پیسے کیوں بھیجتی تھی ،امریکی یہودی آپکو کیوں پیسے بھیجتا ہے اب سمجھ آتا ہے،اسکا مطلب ملکی سالمیت،اداروں پر حملے ہے ، بھارتی اینکر آپکو اپنی پسندیدہ شخصیت قرار دے رہے ہیں ، کسی پی ٹی آئی رہنما نے بھارتی میجر کے بیان کی مذمت نہیں کی کیونکہ ان میں اتنی جرات نہیں، یہ کسطرح کی سیاسی جماعت،مارچ ہے جس میں ڈی جی آئی ایس آئی پر بات ہو سکتی ہے لیکن بھارتی میجر پر بات نہیں کی جاتی،کیونکہ آپ ملے ہوئے ہیں ،آپ کا ایجنڈہ ہے کہ میں اقتدار میں نہیں رہا تو ملک کا جو ہونا ہے ہو، آپ بھارت اور اسرائیل سے فارن فنڈنگ لیتے رہے لیکن تحقیقات میں نہیں آتے،

چار سال میں ملک سے جو کھلواڑ کیا گیا اس سے بڑی چوری ملکی تاریخ میں نہیں ہوئی ،توشہ خانہ کے تحائف کی چوری اربوں روپے میں ہے،توشہ خانہ میں گھڑی کے بیس فیصد کی رقم بھی کاروباری شخصیت کے ذریعے کروائی گئی ، قانون کے مطابق گھڑی خریدنے سے قبل رقم جمع کروائی جاتی ہے لیکن انھوں نے بیچ کر بیس فیصد رقم جمع کروائی ، ایک ایسا واقعہ بھی ہے کہ سارے وفد کو تحائف ملے لیکن وزیر اعظم کو نہیں ملے اسکی بھی تحقیقات ہو رہی ہیں ، آپ بطور وزیر اعظم اربوں مالیت کی گاڑیاں بیچ دیں اور چور ہمیں کہیں،آپکو شرم آنی چاہیئے آپکا محاسبہ ہو گا ،کنٹینر پر چڑھ کر کالی عینک پہن کر میں میں کی جاتی ہے،تمھاری میں یہ ہے کہ تم چور،ڈاکو ہو،تم پر خرد برد کا الزام ہے۔ایک سوال کے جواب میں عطاء تارڑ نے کہا کہ ہمارا نعرہ تھا ووٹ کو عزت دو اسکا نعرہ ہے مجھے ووٹ لیکر دو ، ہماری تنقید تب ختم ہوئی جب ادارے نے کہا ہم نیوٹرل ہیں،انکے نزدیک نیوٹرل کیا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ کرپشن کا ریکٹ انکے گھر سے چلتا ہے۔سائفر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سائفر تحقیقات اس لئے ہو رہی ہیں کہ یہ سازش ملک کے خلاف ہوئی،قانونی طور پر سائفر جلسہ میں نہیں لے جا سکتے کیونکہ یہ حساس دستاویز ہے ،سائفر کی گمشدگی پر بھی تحقیقات جاری ہیں،اس معاملہ پر جےآئی ٹی کام کر رہی ہے انشا اللہ جلد رزلٹ ملیں گے۔