پی ٹی آئی کا15اکتوبر کواحتجاج کا اعلان دانشمندانہ فیصلہ نہیں ،طلال چوہدری

88

فیصل آباد ۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سینٹر طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے15 اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان دانشمندانہ فیصلہ نہیں بلکہ یہ ملک وقوم کے خلاف بہت بڑی سازش ہے۔ ہفتہ کوقصرنورفیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا یہ اعلان اچانک نہیں بلکہ اس کے اس طرح کے فیصلوں کی ایک تاریخ ہے ۔طلال چوہدری نے کہا کہ یہ سب کچھ جان بوجھ کر ریاست کو بلیک میل کرنے کیلئے کیا جاتا ہے مگر اب حکومت اور عسکری ادارے ایک پیج پر ہیں ۔ اس لئے پی ٹی آئی کو اس اقدام کی ہمت نہیں ہوسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ آپ دنیا کو کیا بتانا چاہ رہے ہیں،کیا فرق ہے اس دہشت گرد میں جنہوں نے چائنیز پر حملہ کیا اوریہ ادھر ایس سی او کانفرنس پر حملہ کررہے ہیں، اگر کسی کے گلے میں پی ٹی آئی کا پرچم ہو اور وہ میانوالی چھاؤنی کی دیواریں گرا دے توکیا وہ انقلابی ہے یا دہشت گرد،گر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ایسا احتجاج کرکے کوئی ایس سی او کانفرنس کو نقصان پہنچائے گا تویہ ان کی بھول ہے،اب ان کے احتجاج کی مذمت نہیں بلکہ مرمت کریں گے کیونکہ یہ جماعت اب سیاسی جماعت نہیں ہے۔سینیٹرطلال چوہدری نے کہا کہ میں مولانافضل الرحمن سے کہوں گاکہ آپکو ایسی جماعت کے حوالے سے سخت مؤقف لینا پڑے گا،سیاسی جماعت کا رویہ سیاسی ہونا چاہیے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی کی صحت کی فکر ہے،ایک طرف کہتے ہیں اس نے تین دن سے سورج نہیں دیکھا،ان کو سب پتہ ہے کون ان کو اندر کی خبریں دیتا ہے،انہیں تکلیف کس بات کی ہے کہ معیشت بہتری کی طرف جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 15اکتوبرکے احتجاج کا اعلان کرکے آپ نے سنگین ملک دشمنی کا ثبوت دیا ہے،کوئی پاکستانی ایسے احتجاج میں شرکت نہیں کرے گا۔طلال چوہدری نے آئینی ترامیم کے حوالے سے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری اس ترمیم میں مین آف دی میچ ہیں،پیپلز پارٹی اس معاملے میں اپنا مکمل کردار ادا کررہی ہے،اس ترمیم میں جیت اور ہار اتحادیوں کے ساتھ ہے،ہم چاہتے ہیں کہ ترامیم میں حکومت کے مزید اتحادی بنیں۔ طلال چوہدری نے کہا کہ ہم جب چاہیں گے پارلیمنٹ سے ترامیم پاس کروائیں گے کیونکہ اس ترمیم کے بغیرسیاسی استحکام نہیں آسکتا۔ ۔