پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں تقریب کی اجازت کیلئے درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور سے جواب طلب

147

لاہور۔8اگست (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو لیبرٹی چوک میں یوم آزادی کا کیک کاٹنے کی تقریب کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو12 اگست کے لیے نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔جسٹس شہرام سرور چوہدری نے پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر افضال عظیم پاہٹ کی درخواست پر جمعرات کو سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے رابعہ باجوا ایڈووکیٹ نے دلائل پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی رہنما اور کارکن نے یوم آزادی کے موقع پر کیک کاٹنا ہے۔ درخواست گزار کی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لبرٹی چوک میں 13اور 14اگست کی درمیانی شب تقریب کرنی ہے ،کیک کاٹنے کی تقریب کی اجازت کے لیے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور نے تقریب کی اجازت نہیں دی، پی ٹی آئی کو لبرٹی چوک میں کیک کاٹنے کے لیے تقریب کی اجازت دی جائے۔

عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے12اگست کو جواب طلب کر لیا۔