اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی اسلام آباد میں حالیہ احتجاجی کال پر تنقید کرتے ہوئے اسےفلاپ اور’’مس کال‘‘ قرار د دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پی ٹی آئی کی بلیک میلنگ سیاست کا ایجنڈا تھا۔
انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں قوم کو گمراہ کرنے اور ریاست کے خلاف بلیک میلنگ کے ہتھکنڈے استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی فلاح و بہبود کی بے توقیری کسی صورت مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے لیے مسلسل دروازے کھلے رکھے ہیں لیکن پی ٹی آئی ملک کی فلاح و بہبود کے کسی بھی ایجنڈے پر سنجیدہ بات چیت پر آمادہ نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ بانی پی ٹی آئی کے لیے این آر اوکے حصول پر توجہ دی ہے جو ان کی خود غرضی اور مفادات کا واضح اشارہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں رانا احسان نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جان بوجھ کر ملک کو عدم استحکام اور مہنگائی کی جانب دھکیل رہے ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں حکومت نے مہنگائی پر کامیابی سے قابو پالیا ہے اور عوام ایک اہم مثبت تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔ رانا احسان افضل خان نے ملک کے معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں موجودہ حکومت کی سنجیدگی اور لگن کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مہنگائی پر قابو پانے کی کوششوں کے نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور عوام اس کے مثبت اثرات بھی دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے اقدامات کو تباہ کن اور قوم کی بھلائی کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت بھی کی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے پی ٹی آئی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوانوں میں موجودہ غیر یقینی صورتحال، غیر مہذب رویے اور انتہا پسندانہ ذہنیت کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ پی ٹی آئی کا جعلی بیانیہ اور پروپیگنڈے پر انحصار ہے جس نے ماحول کو زہریلا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔