پی ٹی آئی کی جانب سے 27 مارچ کو اسلام آباد میں امربالمعروف جلسہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، سینکڑوں گاڑیاں پی ٹی آئی رنگوں سے سج گئیں،حلیم عادل شیخ

74

کراچی۔24مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی جانب سے 27 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے امربالمعروف جلسہ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، سینکروں گاڑیاں پی ٹی آئی رنگوں سے سج گئیں، جلسے میں شرکت کرنے والی گاڑیاں عمران خان کی تصاویر اور المربالمعروف کے نعروں سے سجائی گئی ہیں۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے پی ٹی آئی کے رنگوں سے سجی سینکڑوں گاڑیوں کے ہمراہ مزار قائد پہنچ کر حاضری دی۔

ان کے ہمراہ اراکین اسمبلی راجہ اظہر، سعید آفریدی، شاہنواز جدون،عدنان اسماعیل اور دیگرکارکنان بھی موجود تھے۔ مزار قائد پر اپوزیشن لیڈر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھاکر فاتحہ خوانی کی۔اسلام آباد 27 مارچ کے پی ٹی آئی کے امر بالمعروف جلسے میں شرکت کے لیے قافلہ( آج) جمعہ کو کراچی سے روانہ ہوگا۔

مزار قائد پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آج مزار قائد پر حاضری کا مقصد بابائے قوم کے پاکستان کو کرپشن اور چوروں سے بچانا ہے، عمران خان پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنارہے ہیں، ہمارے کپتان نے ایک کال دی ہے، اچھائی کے ساتھ کھڑے ہوں،جا بر کے خلاف کھڑے ہوجائو، پوری قوم کو وزیراعظم نے آج پیغام دیا27 مارچ امربالمعروف ونہی عن المنکر کا پیغام ہے،

پوری قوم کو وزیراعظم نے اسلام آباد بلایا ہے، اس کی ابتدا ہم نے قائداعظم محمد علی جناح کی مزار پر حاضری سے کی ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے لاالہ الااللہ کے نعرے پر پاکستان حاصل کیا لیکن کچھ لوگوں نے اس ملک کی ناقدری کی، ان کی وجہ سے پاکستان کمزور ہوتا رہا، 25 مارچ سے امربالمعروف کی کال پرقافلے اسلام آباد روانہ ہوجائیں گے۔