اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نہ صرف آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ اگلے پانچ سال بھی ملک و قوم کی خدمت کرے گی، بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ سارے مافیاز اس کوشش میں ہیںکہ حکومت کو بدنام کیا جائے مگر اوپر اللہ کی ذات ہے اپوزیشن کو اپنے مقاصد میں ناکامی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ملک سے کوئی لگاﺅ نہیں جو لندن کی سڑکوں پر برگر اور پیزے کھا رہے ہیں ،سابق وزیر اعظم بیماری کا بہانہ کرکے باہر گئے اور ایک دن بھی ہسپتال داخل نہ ہوئے ،شہباز شریف ضمانت سے مکر گئے اب وہ صادق اور امین نہیں رہے اس لئے نا اہل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم میں بہت سی باتوں کی تبدیلی کی ضرورت ہے تاکہ چیک اینڈ بیلنس لایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پی پی پی اور مسلم لیگ ن کا دھڑن تختہ کیا یہ لوگ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں ، سارے مافیاز نواز شریف اور زرداری کی گود میں بیٹھ کر جوان ہوئے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبوںکو منتقل ہوچکے ہیں ، صدر وزیر اعظم یا گورنر اس میں مداخلت نہیں کرسکتے ،سندھ حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے جو نہ کچرا اٹھا سکتے ہیں اور نہ لوگوں کی بہبود کے لئے کوئی کام کر سکتے ہیں،سندھ میں سرکاری گوداموں سے لوٹ مار جاری ہے، پی ٹی آئی تمام بدعنوان عناصر کا احتساب کر ے گی۔