پی ٹی آئی کی حکومت کم آمدنی والے طبقہ کے مسائل حل کرنے کیلئے ہمیشہ سے کوشاں ہے ، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی سبزی منڈی کے دورہ کے موقع پر بات چیت

154

فیصل آباد۔12ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کم آمدنی والے طبقہ کے مسائل حل کرنے کیلئے ہمیشہ سے کوشاں ہے ،وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومتی پالیسیوں کا رخ نظرانداز اور کم آمدنی والے طبقات کی طرف موڑ دیا گیا ہے جنہیں بہت جلد کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے بہترین تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اتوار کے روز سبزی منڈی سدھار کے دورہ اور انجمن تاجران سبزی منڈی سدھارفیصل آباد کے عہدیداران و ممبران سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اخوت اور دیگر این جی اوز کے اشتراک سے پہلے ہی کم آمدنی والے لوگوں کو گھروں کی تعمیر کیلئے بلا سود اور آسان اقساط پر قرضے فراہم کر رہی ہے جو 15سے20 سال کے اندر واپس اداکرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کم آمدن والے لوگ ساری زندگی گھروں کاکرایہ دیتے رہتے تھے مگر گھر پھربھی ان کے اپنے نہیں ہوتے تھے تاہم اب حکومت کے پالیسی کی بدولت وہ گھر کے کرایہ کے برابر قسطوں میں قرض واپس کر کے اپنے گھر کے مالک بن سکیں گے اسی طرح حکومت نے چھوٹے کاروباروں کیلئے بغیر سود اور بغیر گارنٹی کے پانچ لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے اور غریب افراد کا ڈیٹا نادرا سسٹم سے مرتب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان غریبوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اس سال کے آخر تک پنجاب کے ہر خاندان کو صحت کارڈ مل جائے گا اور وہ اپنی پسند کے کسی بھی ہسپتال میں پسند کے ڈاکٹرسے سالانہ 10 لاکھ روپے تک طبی علاج کے حقدار ہوں گے۔مقامی مسائل کے بارے میں انہوں نے سبزی منڈی سدھار کے شیڈ اور سڑکوں کی فوری تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کیلئے 10کروڑروپے کی گرانٹ کابھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے ٹینڈرز اگلے ہفتے جاری کئے جائیں گے جس کے بعد اس منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی سدھار کو جھنگ روڈ سے ملانے والی سیم نہرکے ساتھ سڑکیں بھی بہت جلد دوبارہ تعمیر کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت ”میل آن ویل“ متعارف کرانے پر بھی غور کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے احساس پروگرام کے تحت ایک ہی ماڈل کے ٹھیلے فراہم کئے جائیں گے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت سبزی منڈی سدھار کو ایک مثالی منڈی بنانے کا ارادہ رکھتی ہے کیونکہ یہ منڈی نہ صرف ہزاروں افراد کو باعزت روزگار فراہم کر رہی ہے بلکہ ملحقہ اضلاع کو پھل اور سبزیوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں سیلانی لنگر بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ غریب مزدوروں اور محنت کشوں و ریڑھی چھابڑی فروشوں کومفت کھانا کھلایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مقصد کاروبار کو فروغ دیکر غربت کو ختم کرنا ہے لہٰذا اس سلسلہ میں ان افراد کوہر ممکنہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جو اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مارکیٹ کمیٹی سبزی منڈی سدھارکی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو ہدایت کی کہ وہ انجمن تاجران کے منتخب نمائندوں کے ساتھ بیٹھ کر ان کے حقیقی مسائل کو اولین ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

قبل ازیں صدر انجمن تاجران سبزی منڈی میاں عامر حنیف نے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کو خوش آمدید کہا اور سبزی منڈی سدھار کے بنیادی مسائل پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے مزدوروں، آڑھتیوں اور پلے داروں کو درپیش مسائل کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت ان کے مسائل کے جلد از جلد حل کیلئے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنائے گی۔بعد ازاں وزیر مملکت فرخ حبیب نے مارکیٹ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔