پی ٹی آئی کی لوٹ مار ثابت ہوچکی، ورلڈ فوڈ پروگرام نے کے پی کے میں اپنا پروگرام بند کردیا ، پی ٹی آئی صاف چلی نہ شفاف چلی بلکہ مردار چلی ، وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک اور اختیار ولی کی مشترکہ پریس کانفرنس

123
Barrister Aqeel Malik

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کی لوٹ مار ثابت ہوچکی ہے ،کرپشن و مالی بے ضابطگیوں کے باعث ورلڈ فوڈ پروگرام نے خیبرپختونخوا میں اپنا پروگرام بند کردیاہے ، خیبر پختونخوا میں لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے ، صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت گیارہ برس سے برسر اقتدار ہے اور بے ضابطگیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اختیار ولی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ حال ہی میں خیبر پختونخوا میں جو ثابت شدہ بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں انہوں نے صاف چلی ،شفاف چلی کا نعرہ لگانے والی پارٹی کا بھانڈہ پھوڑ دیا ہے ۔بیرسٹر عقیل ملک نے کہاکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اس کے ذیلی نشوونما پروگرام میں بھی بے ضابطگیاں منظر عام پر آئی ہیں اور شیر خوار بچوں کے دودھ کے ڈبے تک بیچ دیئے گئے ۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کے پروگرام میں تقریبا 80 کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں منظر عام پر آئی ہیں ،کے پی کی عوام کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے اور جس طرح صوبے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے وہ اب آپ سب کے سامنے ہے ۔

یہ ایک حقیقت ہے جوکہ تمام اخبارات اور میڈیا میں رپورٹ ہوچکی ہے ۔صوبے کی عوام چیخ چیخ کے کہہ رہی ہے کہ ہمیں نہ تو انصاف مل رہا ہے اور نہ ہی بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔گھوسٹ ملازمین لائے گئے ، جعلی رسیدیں بنائی گئیں ۔بچوں اور ان کی مائوں کے استعمال کرنے کا جو سامان ملا وہ بازار میں بیچا گیا اور مارکیٹس میں بلیک میں سیل ہوتا رہا۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس کا آڈٹ ہو تاکہ جو بے ضابطگیاں کے پی کی حکومت نے اس پروگرام میں کی ہیں وہ منظر عام پرآئیں اور عوام کو پتہ چلنا چاہیے کہ ان کے حق پہ کس طرح ڈاکہ مارا جا رہا ہے ، جس طرح عوام کے پیسے جو عوام کے لیے مختص ہوئے ہیں جو عوام کے اوپر لگنے چاہیئں وہ آئے روز دھرنے یا جلائو گھرائو کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

یہ دو ارب روپے کا پروجیکٹ تھا اور اس پراجیکٹ میں تقریبا 30 فیصد جو کہ 80 کروڑ روپیہ بنتی ہے ، کو اپنے ذاتی مفاد کے لیے یا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف کہا جاتا ہے کہ صاف چلی شفاف چلی تحریک انصاف چلی تو ان کی جو حرکات و سکنات ہیں وہ آپ کے سامنے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اختیار ولی نے کہا کہ خیبر پختونخوا جہاں پر تیسری بارپاکستان تحریک انصاف کی حکومت بنی ہے ، یہ تیسری اسمبلی ہے اور نعرہ یہ ہوتا ہے کہ صاف چلی شفاف چلی ،اب نہیں تو کب ، ہم ملک بچانے نکلے ہیں آئو ہمارے ساتھ چلو ، دو نہیں ایک پاکستان ، مدینہ کی ریاست، نیا خیبر پختونخوا اور یہ سارے خوبصورت نعرے لگانے والوں کے بارے میں اس سے پہلے اور کئی وارداتیں سامنے آ چکی ہیں ، پہلے جتنی وارداتیں ہوئیں وہ ملک کے اندر تھیں،ان پہ چوری ثابت ہوئی لیکن آج تو اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے خیبر پختونخوا حکومت کو باقاعدہ چارج شیٹ کر دیا ہے۔

اسی بناء پر ورلڈ فوڈ پروگرام نے اپنا پروگرام خیبر پختونخوا میں بند کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں پورے پاکستان سے بالعموم اور خیبر پختونخوا کے لوگوں سے بالخصوص ملتمس ہوں کہ جن لوگوں کو آپ نے ووٹ دیئے کہ یہ صادق اور امین ہیں آج ان کو گوروں نے بھی کہہ دیا کہ یہ صادق بھی نہیں یہ امین بھی نہیں بلکہ ڈاکو ہیں نہ صاف چلی اور نہ شفاف چلی بلکہ بالکل ہی مردار چلی ۔ تحریک انصاف وہ جماعت ہے جو شفافیت کے نام پر قوم کو لوٹتی ہے جو انصاف کے نام پر قوم کے ساتھ بے انصافی کرتی ہے ۔ یہ تو تقریبا 800 ملین کی کرپشن کی سٹوری ہے اور اس پہ ورلڈ فوڈ پروگرام نے خیبر پختون خوا میں اپنا پروگرام بند کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ ہم مزید اگر یہاں پر کام کریں گے تو ہم غیر سرکاری تنظیم و این جی اوز کے ساتھ چلیں گے

خیبر پختونخوا حکومت کو جو بھی رقوم وفاق سے یا اقوام متحدہ سے ملے اس کا استعمال پاکستان میں انتشار یا جھوٹے پروپیگنڈے کو پروان چڑھانے کے لیے کیا جاتا ہے ۔ جو لوگ معصوم دودھ پیتے بچوں کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتے وہ اس ملک کے ساتھ کیا انصاف کریں گے وہ اس صوبے کے ساتھ کیا انصاف کریں گے وہ جمہوریت کے ساتھ کیا انصاف کریں گے وہ پاکستان کے ساتھ کیا انصاف کریں گے ۔

اختیار ولی نے کہاکہ بلین ٹریز کے آدھے درخت موقع پر موجود ہی نہیں،خیبر پختونخوا کے منصوبوں کی تنخواہیں پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر خرچ ہوتی ہیں، لوٹ مار کی رقوم ڈی چوک، سٹاک ایکسچینج کو نیچے لانے اور پاکستان کو تنہا کرنے پر خرچ کی جائے گی،ملک کے پیسے کے پی میں پی ٹی آئی کے ہاتھوں ضائع ہو رہے ہیں۔