اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی جیل میں تمام ضروری سہولیات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان بھی جیل کے قیدی کے شیڈول کے مطابق ان سے ملاقات کے لیے جیل جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے جھوٹا پراپیگنڈہ کر رہی ہے۔قومی سلامتی کے اجلاس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عدم موجودگی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ ملک کو درپیش اہم مسائل پر تبادلہ خیال کے لئے قومی سلامتی کے اجلاس میں شرکت کرنا پارلیمنٹیرینز کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574438