پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان تمام حدیں پار کر گئے ہیں، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کی پریس کانفرنس

130

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان تمام حدیں پار کر گئے ہیں، ملکی اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی ہے، پاک فوج کا ہر افسر اور جوان محب وطن ہے، پتہ چلنا چاہئے کہ شہباز گل کی سازش کے پیچھے تو عمران خان تھا عمران خان کے پیچھے کون ہے، واضح ہو گیا ہے کہ اداروں کے خلاف ٹرینڈ چلانے والے کون ہیں، جو الفاظ عمران خان نے استعمال کئے ہیں وہ تو کوئی دشمن بھی نہیں کر سکتا، وہ اقتدار کے حصول کیلئے سب کچھ نیست و نابود کرنا چاہتے ہیں، اب انصاف دینے والے اداروں کا امتحان ہے، انہیں میر جعفر اور میر صادق کا تعین کرنا ہو گا، پی ٹی آئی کی قیادت بتائے کہ وہ عمران خان کے بیان کے ساتھ ہے یا نہیں، عمران نیازی کے خلاف آئین و قانون کے مطابق بھرپور کارروائی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان بہت سال پہلے سقوط ڈھاکہ اور پھر بھارت کی سرزمین پر پاکستان مخالف ہرزہ سرائی کر چکے ہیں، اقوام متحدہ میں ان کی تقریر کے حوالہ سے بھی سب جانتے ہیں، جو سازش شہباز گل نے کی اس کا عمران خان نے اعتراف کر لیا ہے، لوگوں کو پتہ چل گیا ہے کہ شہباز گل کے پیچھے کون ہے، شہباز گل کے پیچھے عمران خان ہے لیکن عمران خان کے پیچھے کون ہے اس سوال کا جواب سامنے آنا چاہئے،

واضح ہو گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف پچھلے چار، پانچ ماہ کے دوران ٹرینڈ کون چلا رہا تھا، لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کے خلاف بھی ہرزہ سرائی کی گئی، اس سازش میں چہرہ شہباز گل کا تھا لیکن زبان عمران خان کی تھی، عمران خان ملک میں سازشوں کا منبع ہے، کوئی بھی سازش ہوتی ہے تو اس کا سرا عمران خان سے جا ملتا ہے،

عمران خان نے اداروں کے خلاف پھر ہرزہ سرائی کی ہے، اس طرح کے الفاظ ادا کرنے کی تو ہمسایہ ملک کو بھی جرأت نہیں ہوئی، سابق وزیراعظم کیا اپنے دفاعی اداروں کے خلاف ایسی زبان بولتا ہے، عمران خان اقتدار کے حصول کیلئے سب کچھ نیست و نابود کرنا چاہتے ہیں، یعنی اگر وہ حکمران نہ رہیں تو ملک کے ٹکڑوں میں بٹ جانے اور دفاعی اداروں کے سربراہان کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیں، پاک فوج کے تمام جوان اور افسر محب وطن ہیں اور شہداء نے مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب قانون نافذ کرنے والے اور انصاف دینے والے اداروں کا امتحان ہے، انصاف دینے والے اداروں کو میر جعفر اور میر صادق کا تعین کرنا ہو گا، جو شخص خود بتاتا ہو کہ میں نے بال ٹمپرنگ کی ہے وہ دوسروں پر انگلیاں اٹھاتا ہے،

شاہ محمود قریشی ملک کے وزیر خارجہ اور پرویز خٹک وزیر دفاع رہے ہیں، پی ٹی آئی کے اسد عمر اور پی ٹی آئی کے دیگر قائدین سب بتائیں کہ کیا وہ عمران خان کے بیان کے ساتھ کھڑے ہیں کہ نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے شہباز گل کے بیان کی مذمت کی تھی، آج ہم پوچھتے ہیں کہ وہ عمران خان کے بیان کی بھی مذمت کرتے ہیں کہ نہیں، کبھی یہ آئی ایم ایف پروگرام کو رکوانے کیلئے خط لکھتے ہیں، کبھی اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں، اگر پی ٹی آئی کے قائدین عمران خان کے بیان سے لاتعلقی اختیار نہیں کرتے تو ہم سمجھیں گے کہ وہ اس کے ساتھ کھڑے ہیں،

عمران خان نے امریکہ میں ڈیوڈ فنٹن جو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کا مخالف تھا اس کی خدمات حاصل کی ہیں، عمران نیازی بتائیں کہ کن مقاصد کیلئے غیر ملکی کنسلٹنٹس کی خدمات لی گئی ہیں، عمران خان تو ملکی سلامتی کو دائو پر لگانے سے بھی باز نہیں آ رہے، عمران خان اب تمام حدیں پار کر گئے ہیں، ان کے خلاف بھرپور آئین و قانون کے مطابق کارروائی ہو گی لیکن کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہو گی۔