پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد کا پارٹی آئین پر نظر ثانی سے متعلق خصوصی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

121

اسلام آباد ۔29 نومبر(اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی واحد منظم سیاسی جماعت ہے جس نے پارٹی دستور کو مرکزی اہمیت دی، ملک میں جمہوریت کے دیرپا استحکام کیلئے خود کو جمہوری انداز میں منظم کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے پارٹی آئین پر نظر ثانی سے متعلق خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے دوسرے روز کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ تنظیم سازی کے حوالے سے آئینی کی موجودہ شقوں کا جائزہ لیا جارہا ہے، آئین کی مجموعی ساخت اور مجوزہ ترامیم پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی نے اپنی اساس سے آج تک ارتقاء کی کئی منازل طے کیں، پارٹی کی طرح آئین بھی ارتقاءپذیر ہے۔ ارشد داد نے کہاکہ وقت کے تقاضوں کے مطابق پارٹی کی تنظیم نو نہایت اہمیت کی حامل ہے، تنظیم نو پارٹی آئین کی طے شدہ حدود کے اندر رہتے ہوئے ہی ممکن ہے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ آئین کو ہر لحاظ سے جامع اور رہنما دستاویز بنائیں گے، معیاری آئین سازی کے ذریعے تحریک انصاف کو جدید اور ماڈل سیاسی ادارہ بنانے کی تحریک کو ٹھوس بنیاد فراہم کریں گے۔