پی ٹی آئی کے کارکنوں اور کوئٹہ کے عوام کا انتہائی مشکور ہوں کہ جنہوں نے میری کامیابی کو اپنی کامیابی تصور کرکے جس خوشی کا اظہار کیا، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری

59

کوئٹہ ۔10 اکتو بر (اے پی پی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں اور کوئٹہ کے عوام کا انتہائی مشکور ہوں کہ جنہوں نے میری کامیابی کو اپنی کامیابی تصور کرکے جس خوشی کا اظہار کیا وہ قابل داد ہے ، میں کوئٹہ کا سفیر ہوں جہاں بھی جاتا ہوں کوئٹہ کے عوام کی حقوق کی بات کرتا ہوں ،وزیر اعظم عمران خان نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم امہ کے ایک باوقار اور باعزت لیڈر کے طورپر ابھر سامنے آچکے ہیں جو نہ صرف پی ٹی آئی کے کارکنوں بلکہ کے پورے پاکستان کے لئے باعث افتخارہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پہنچنے پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا کے ایڈوائزر گل حمید خان نیازی اور مرکزی سینئر نائب صدر ارشد داد بھی موجود تھے ۔ کوئٹہ پہنچنے پر قاسم خان سوری کا پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداران ، ممبران اور سینکڑوں کارکنان نے پرتپاک استقبال کیا ۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا کہنا تھا کوئٹہ شہر میرا گھر ہے میں پی ٹی آئی کے ورکروں ، عہدیداران ، ممبران سمیت کوئٹہ شہر کے تمام عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے میرے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور میری کامیابی کو اپنی کامیابی تصور کرکے جشن منا کر خوشی کا اظہار کیا ۔ کسی بھی لیڈر یاسیاستدان کی کامیابی ان کے کارکنان کے بدولت ہوتی ہے اگر کسی لیڈر یا سیاستدان کے کردار کو جانچنا ہو تو ان کے کارکنان کے دل میں ان کے لئے عزت اور احترام سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔