
لاہور۔21فروری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ ہماری حکومت نے 2 برس کے دوران لاہو رمیں 10 لاکھ سے زائد درخت لگائے ہیں جبکہ سابق دو رمیں درختوں کو بے دریغ کاٹا گیا اورسابق حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے باعث لاہور سمیت پنجاب میں آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہو ا اور ان حکمرانوں نے آلودگی کے خاتمے کیلئے بروقت اقدامات نہیں کئے،اینٹوں اور سیمنٹ کا جگہ جگہ استعمال کرکے قدرتی حسن کو تباہ و برباد کیا گیا،نئی نسل کو صاف ستھرا ماحول دینے کی بجائے آلودہ فضا دی گئی۔
انہوں نے کہاکہ انہی حکمرانوں کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث سموگ کا مسئلہ سنگین ہوا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے لگائے پودے چند برس میں قدآور درخت بن جائیں گے جس سے شہر میں سموگ کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور آلودگی میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ لاہور شہر میں نئے طریقہ کار سے مصنوعی جنگلات(میاواکی) لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس پر عملی طورپر کام شروع ہوچکا ہے،اس طریقہ کار سے کم لاگت میں درختوں کی نشوونما بہت تیزی سے ہوتی ہے، لاہور میں 51 مقامات پر میاواکی کی ٹیکنیک کے ساتھ مصنوعی جنگلات بنانے کے پروگرام کاآغازکر دیاگیا ہے، بہت جلد لاہور دوبارہ باغوں اور پھولوں کاشہر بنے گا۔