فاروڈ کہوٹہ ۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی،وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے حقیقی سفیر ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر بھرپور انداز میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑا ۔
منگل کو فاروڈ کہوٹہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں کے نوجوانوں نے بتایا کہ یہاں پر ایک پرچی لہرانے والا آیا تھااور بڑی بڑی باتیں کررہا تھا،وزیراعظم عمران خان نے امریکا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر انہیں للکارا اور اڈے دینے سے انکار کر دیا تو اگلے ہی روز پرچی والا اپنی سی وی لہراتے ہوئے امریکا پہنچ گیا کہ ہمیں خدمت کا موقع دیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیرکے سفیر بنے اور کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کی اور عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ لڑا۔انہوں نے کہا کہ 469 ڈرون حملے ان کے دور حکومت میں ہوئے، ان کے والد آصف زرداری کے دور حکومت میں کشمیر پر بات نہیں کی گئی اور نہ ہی کشمیر کا مقدمہ لڑا گیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ موثر اانداز میں لڑا ۔سب کو معلوم ہے کہ کسی نے کشمیر کاز کو اس انداز سے اجاگر نہیں کیا جس طرح عمران خان نے کیا ہے ۔
انہوں نے راجہ فاروق حیدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آزاد کشمیر آیا ہوں پرسوں آپ کے حلقے میں بھی آئوں گا۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی نواسی کی شادی پر مودی کو بلوایا تھا۔انہوں نے مودی کی حلف برداری میں شرکت کے موقع پر کشمیری حریت رہنمائوں سے ملاقات کی بجائے بھارتی اداکارائوں سے ملنا پسند کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب کشمیری حریت پسند پاکستانی پرچم کا کفن سر پر باندھ کر پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے تھے اس وقت نواز شریف مودی کو اپنے گھر بلا رہے تھے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حلقے میں عامر نذیر کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں۔25 جولائی کو تحریک انصاف پورے آزاد کشمیر میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اورآزاد کشمیر میں حقیقی تبدیلی کا سورج طلوع ہو گا۔
بعدازاں باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ آزاد کے کشمیر کے جس حلقے میں بھی گئے ہیں وہاں عوام نے پرجوش اندازمیں پی ٹی آئی کا خیر مقدم کیا ہے ، کشمیریوں کی تحریک انصاف اور عمران خان کو دی جانے والی محبت پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے لوگوں کا سوال ہوتا ہے کہ 25 جولائی کو الیکشن آرہا ہے آپ کی کیا رائے ہے، کاش میں ان کو بتا سکتا اور دکھا سکتا ہے اور انہیں ادھر لے کر آتا اور آپ کا جذبہ دکھاتا کہ عوام پہلے ہی پی ٹی آئی اور عمران خان کے حق میں اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں۔
انہوں نے حاضرین جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سب سے چند سوال کرنا چاہتا ہوں ،کیا عرصہ دراز سے آزاد کشمیر پر حکومت کرنے والوں نے آپ کو اپنے شہر یا تحصیل میں بہترین صحت اور تعلیم کی سہولت دی؟ آپ کا علاقہ خوبصورت ترین ہے کیا سابقہ حکمران نے سیاحت کے فروغ کیلئے کوئی اقدامات اٹھائے؟گلی محلے کے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی اقدامات اٹھائے؟ مراد سعید نے کہا کہ یقیناً ان تمام سوالوں کا جواب نفی میں ہوگا۔
مراد سعید نے کہا کہ اب آپ کو سمجھ آگئی ہوگی کہ ان دنوں دو بچے روزانہ ٹی وی پر آتے ہیں اور کہتے ہیں کہ دھاندلی ہو رہی ہے، یہ دونوں سن لیں کہ دھاندلی کا شور نہ مچائیں بلکہ عوام کی بات سنیں جو ان کی حرکات کی بناءانہیں مسترد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نوازکہتی ہے کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں کوئی پراپرٹی نہیں، میں اپنے ابا کے ساتھ رہتی ہوں اور اس کا ابا لندن میں رہتا ہے، جو دوائی لینے گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو یہ بتا دیں کہ آزاد کشمیر میں ان کی حکومت بھی ختم ہوگئی، انتخابات بھی آگئے اور اس کے بعد تحریک انصاف کی حکومت آئے گی لیکن ایک بندہ واپس نہیں آئے گا جو لندن دوائی لینے گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز آزاد کشمیر میں شور مچا رہی ہیں کہ دھاندلی ہو رہی ہے، انہیں پتہ ہونا چاہئے کہ آج بھی یہاں حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو بھی یہاں پرچی لہراتے ہوئے آئے تھے جو کہ خود ایک حادثاتی چیئرمین ہیں، انہوں نے یہاں آکر بڑی بھڑکیں ماریں کہ عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ نہیں لڑا، عمران خان کشمیریوں کی بات نہیں کرتا، لیکن عوام جانتے ہیں کہ پاکستان میں عمران خان پہلا وزیراعظم آیا ہے جو کشمیر کا سفیر بنا کر اقوام متحدہ میں گیا ، اقوام متحدہ کی ایوان میں آزاد کشمیر ،مقبوضہ کشمیر اور اسلام کا پیغام گونجتا ہے، دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کا پیغام گونجتا ہے، انہوں نے دنیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کشمیر کا مقدمہ لڑا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کوٹلی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے واضح طور پر کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر آزاد کشمیر کی تقدیر کا فیصلہ کوئی اور نہیں کشمیری خود کریں گے، جب عمران خان نے امریکہ کو للکارا اور اڈے دینے سے انکار کیا تو بلاول بھٹو کو اندازہ ہوگیا کہ یہاں کچھ نہیں ملنے والا لہذا اپنا سی وی لے کر امریکہ پہنچا جائے تاکہ وہاں سے کچھ مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے سی وی میں لکھا ہوا ہے کہ ہمارے دور میں 469 ڈرون حملے ہوئے ، لیکن عمران خان ڈرون حملے نہیں ہونے دیتا ، وہ ڈو مور کے جواب میں نو مور کہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی حکومت کے دوران راجیوگاندھی اسلام آباد آیا تھا تو سڑکوں اور عمارتوں سے کشمیر کے جھنڈے ہٹادیئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز فوٹو شاپ کرکے تصویریوں لگا رہی ہیں اگر کشمیر کیلئے کچھ کیا ہوتا تو آج فوٹو شاپ کا سہارا نہ لینا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ اللہ کے سوا کسی کے سامنے سر نہیں جھکانا۔