پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کو استعفوں کے معاملہ پر بلیک میل کرنا چاہتی ہے،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

49
ترقیاتی

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کو استعفوں کے معاملہ پر بلیک میل کرنا چاہتی ہے، سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے مستعفی ہونے والے اراکین کے استعفے منظور کرکے آئینی اور قانونی تقاضوں کو پورا کر دیا۔

پیر کو خواجہ محمد آصف نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بوکھلایا ہوا شخص ہے، سیاست سے اس کا کوئی لینا دینا نہیں، پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کے تمام مستعفی اراکین کے استعفے مرحلہ وار منظور کئے جائیں گے، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 11 مستعفی ہونے والے اراکین کے استعفوں کو منظور کرکے آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کی ہیں،

عمران خان کی طرف سے اس حوالہ سے الیکشن کمیشن پر تبرے بازی کی کوئی منطق نہیں بنتی، یہ استعفوں کی منظوری کا معاملہ خالصتاً پارلیمنٹ اور سپیکر سے متعلق ہے، عمران خان چیف الیکشن کمشنر کو بلیک میل کرنے کیلئے بیان بازی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاست کی ابجد سے بھی واقف نہیں، وہ ایک بوکھلایا ہوا شخص ہے، تاریخ گواہی دے گی کہ عمران خان نے نوجوان نسل کو ورغلا کر ان کا مستقبل برباد کر دیا۔