پی ٹی آئی این اے 75 کا الیکشن جیت چکی ہے ، الیکشن کمیشن نتائج کافوری اعلان کرے ، وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس

202
پی ٹی آئی این اے 75 کا الیکشن جیت چکی ہے ، الیکشن کمیشن نتائج کافوری اعلان کرے ، وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس
ڈسکہ کے عوا م نے پاکستان تحریک انصاف کو فتح سے ہمکنار کیا ہے، الیکشن کمیشن علی اسجد ملہی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کرے ، وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس

سیالکوٹ۔21فروری (اے پی پی):وفاقی وزرا سینیٹر شبلی فراز، چوہدری فواد حسین، معاون خصوصی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی این اے 75 کا الیکشن جیت چکی ہے ، الیکشن کمیشن نتائج کافوری اعلان کرے، ملک میں شفاف الیکشن کے لئے حکومت الیکٹرانک ووٹنگ کی طرف جارہی ہے ‘ملک میں شفافیت لانے والے وزیراعظم کے خلاف سارے چور اکٹھے ہوگئے ہیں ‘ڈسکہ کے عوام نے نواز شریف کے بیانیے ‘ دھونس ‘پیسے کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ہے ‘ن لیگی قیادت کی ایک ماہ کی باتیں سنیں تو اس میں برملا اس بات کا اظہار کیا ہے کہ ہم الیکشن بندوق سے جیتیں گے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے وزراء کے ہمراہ پی ٹی آئی کے جاں بحق ہونے والے کارکنان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کی ۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ہم یہاں پر آئے ہیں ‘سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنے کے لئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ دھونس ‘پیسے ‘ غنڈہ گردی ‘قتل و غارت کی سیاست کی ہے ‘ اس الیکشن میں بھی انہوں نے اپنے سپیشلسٹ لوگوں جن میں رانا ثناء اللہ ‘ جاوید لطیف اور دیگر کو ڈسکہ اسی مقصد کے لئے بھیجا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ڈسکہ میں تقریر میں مگر مچھ کے آنسو بہتے دیکھ کر بے ساختہ ماڈل ٹائون واقعہ یاد آگیا جس میں بچوں ‘خواتین اور بزرگوں پر گولیاں چلائیں گئیں ‘ماڈل ٹائون پر حملہ راناثناء اللہ کی سربراہی میں کیا ہے ‘ ا لیکشن کو آلودہ اور لوگوں کو ڈرانے کے لئے یہ اقدامات کیے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ اتنا غصہ اور دہشت گردی اس لئے ہے کہ نواز شریف کے بیانیے کو شکست ہورہی ہے’ وزیرآباد کے الیکشن ‘ 2018کے الیکشن کے نتائج سمیت ہر الیکشن میں ہزاروں ووٹوں کا فرق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں ن لیگ نے 40ہزار کی لیڈ لی تھی اور آج الیکشن ہار رہے ہیں ‘ان کے پائوں کے نیچے سے زمین نکل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا بیانیہ ‘نیا پاکستان اور تبدیلی کا ان کو ڈر ہے’ پی ٹی آئی ایسے ہی جیتی رہی تو ان کی سیاسی اجارہ داری کا خاتمہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی ‘ وزیراعظم جس سفر پر روانہ اور قافلے کی سربراہی میں ملک کو تبدیل کرنے کے لئے آگے بڑھ رہے ہیں اس سے دھونس ‘پیسے کی سیاست کا خاتمہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اپوزیشن نے جس طرح منافقانہ رویہ اختیار کیا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے ‘ انہوں نے ماضی میں ووٹ اور ضمیر خریدے تھے ‘اب بھی ایسا کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اکیلا ان کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے ‘انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے الیکٹرونک ووٹنگ کی طرف جارہے ہیں ‘سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کے لئے انتظامات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شفافیت لانے والے وزیراعظم کے خلاف سارے چور اکٹھے ہوگئے ہیں ۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ہم جیو ٹی وی پر حملے کی مذمت کرتے ہیں ‘پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ لوگوں نے جیو ٹی وی پر حملہ کیا ہے ‘ اختلاف کسی سے بھی ہوسکتا ہے اگر ایسے حملے ہوئے تو میڈیا چل ہی نہیں سکتا ‘کراچی پولیس اس پر فوری کارروائی کرے ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز سے حسرت ہے کہ کاش وہ زندگی میں سچ بول دیں ‘کیلبری فونٹ سے شروع ہوتی ہے ‘لندن تو کیا پاکستان میں کوئی جائیداد نہیں ہے انہوں نے ہر جگہ جھوٹ پر جھوٹ بولا ۔ انہوں نے کہا کہ مریم میں کنفیڈنس بڑھ گیا ہے’ پاکستان میں نوشہرہ ‘وزیر آباد الیکشن میں اپوزیشن جیتے تو ٹھیک ‘ڈسکہ میں پی ٹی آئی جیتے تو وہاں دھاندلی کا وطیرہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابی نتائج کا فوری اعلان کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے رات ایک بجے جیت کا ٹویٹ کیا ‘یہ تو الیکشن کمیشن کو بھی نہیں پتہ ‘ ابھی تک حتمی نتائج نہیں آئے ۔ انہوں نے کہا کہ علی اسجد ملہی اکثریت سے جیت چکے ہیں ۔وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ڈسکہ کے بہادر ‘جرات مند اور غیور ساتھیوں کوعمران خان کے جانثار نظریئے ساتھ جڑے نوجوانوں کی طاقت اور اہلیان ڈسکہ کو وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بھیجے گئے وفد کا خیر مقدم کرتی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اس الیکشن کو جعلی راجکماری نے جنگ کا نام لیا تھا ‘اس کے کارندوں ‘ درباریوں اور حواریوں ‘ شاہی خاندان کے ذاتی ملازموں نے جس طرح الیکشن کو خون آلودہ کرنے کی سازش کی اور آج اس سازش کو سٹیج پر کھڑے ہو کر قاتل کو سٹیج پر اپنے ساتھ کھڑا کر کے جس طرح سے شاباش دی ‘ شہداء کے ورثاء کے زخموں پر نمک پاشی کی۔ بستہ الف اور بستہ بے کے اشتہاری ‘قبضہ گروپ اور عوام کو اذیت میں مبتلا کرنے والے ٹولے کی پشت پناہی ن لیگ کررہی ‘ آج بھی اسی سوچ اور عمل کی عکاسی کی اس کی ہم سب مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے ٹولے کو شکست برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں ہے ‘

انہوں نے کئی دہائیوں سے ڈسکہ کے اندر قبضہ گروپوں ‘ منشیات فروشوں کی سرپرستی کی ہے ۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن میں مسلم لیگ ن نے اخلاقیات کی تمام حدیں پار کردیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کے سامنے مریم نواز کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اگر یہ سمجھتی ہیں کہ پی ٹی آئی نے حملہ کر کے کسی کو جاں بحق کیا ہے تو وہ جاں بحق ہونے والے کارکنوں کے گائوں میں جاکر بتا دیں ‘ پی ٹی آئی کی قیادت جاں بحق ہونے والے کارکنوں کے جنازے میں گئے اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔جاں بحق ہونے والے کارکن کے بھائی نے بتایا کہ ووٹ ڈال کے جیسے ہی پولنگ سٹیش سے باہر آیا تو میرے بھائی جو الیکشن کی پرچیاں کاٹ رہے تھے ان پر حملہ کردیا گیا اور فائرنگ شروع کر دی ‘ حمزہ بٹ رائفل لیکر آیا اور مجھ پر فائر کی کوشش کی جاوید بٹ نے فائرنگ شروع کر دی ‘میرے بھائی پر فائرکیے ۔\932\932