پی ٹی آئی کے استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے آئین،قانون اور قومی اسمبلی کے قواعد وضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائےگا،سپیکر قومی اسمبلی

289

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی): سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے آئین ، قانون اور قومی اسمبلی کے قواعد وضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا، استعفوں کی تصدیق کےلئے پی ٹی آئی کے تمام ارکان کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔

جمعرات کو پی ٹی آئی کے وفد نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پارلیمنٹ ہائوس میں سابق سپیکر اسد قیصر کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفد میں سابق ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری، ملک عامر ڈوگر، امجد خان نیازی ، فہیم خان ، ڈاکٹر شبیر حسن ، لعل ملہی ، عطا اللہ اور طاہر اقبال شامل تھے۔

ملاقات میں پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے بلکہ سیاست دانوں کے درمیان رابطے ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے آئین ، قانون اور قومی اسمبلی کے قواعد وضوابط کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا اور پی ٹی آئی کے تمام ارکان کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ پہلے بھی پی ٹی آئی کے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے مدعوکیا گیا تھا ۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کراچی سے ایک رکن اسمبلی نے استعفے کی منظوری روکنے کےلئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا ۔