پی ٹی آئی گیس کے شعبے کا 1400 ارب روپے گردشی قرضہ چھوڑ کر گئی،چار سال میں ایک میگاواٹ بجلی کی پیداوار نہیں بڑھائی، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی کا حماد اظہر کے بیان پر ردعمل

214

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی گیس کے شعبے کا 1400 ارب روپے گردشی قرضہ چھوڑ کر گئی،چار سال میں ایک میگاواٹ بجلی کی پیداوار نہیں بڑھائی۔

بدھ کو پی ٹی آئی کے رہنمائی حماد اظہر کے بیان پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے 2013 سے 2018 کے اپنے دور میں 14000 میگاواٹ بجلی بنائی اور لوڈ شیڈنگ ختم کر دی لیکن پی ٹی آئی نے چار سال میں ایک میگاواٹ بجلی کی پیداوار نہیں بڑھائی بلکہ چلتے ہوئے بجلی کے کارخانے بھی بند کرادئیے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے سستی ترین ایل این جی پاکستان کو دلائی جس سے توانائی بحران پر قابو پایا گیا اور عوام کو لوڈ شیڈنگ کی اذیت سے نجات ملی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے فرنس آئل لابیوں کو فائدہ پہنچانے اور مال بنانے کی خاطر چار ڈالر پر سستی ترین ایل این جی خریدنے کا نادر موقع ضائع کیا، بجلی کے شعبے کا گردشی قرض 1100 ارب روپے سے 2400 ارب تک پہنچا دیا، گیس کا گردشی قرض نام کی کوئی چیز نہیں تھی لیکن پی ٹی آئی صرف گیس کے شعبے کا 1400 ارب روپے کا گردشی قرضہ چھوڑ کر گئی ہے۔