اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)اور ہواوے نے جی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس 2025، بارسلونا میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کئے جس کا مقصد پاکستان میں سائبر سکیورٹی کے شعبے کو مزید مستحکم کرنا ہے۔یہ معاہدہ معلومات کے تبادلے، استعداد کار میں اضافے اور سائبر سکیورٹی کے جدید نفاذ پر مرکوز ہے۔
منگل کو جاری بیان کے مطابق دستخط کی تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان، کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک اقبال چوہدری، ہواوے گلوبل سائبر سکیورٹی اینڈ پرائیویسی ڈیپارٹمنٹ کے صدر جیف وانگ، ہواوے پاکستان کے سی ای او ایتھن سن، ڈائریکٹر سبسڈیری بورڈ اور ڈپٹی سی ای او احمد بلال مسعود، ہواوے گلف نارتھ کے چیف سکیورٹی آفیسر سلطان محمود اور ہواوے پاکستان کے وائس سی ای او یو شاوننگ نے شرکت کی۔
چیئرمین پی ٹی اے نے درپیش سائبر خطرات سے نمٹنے اور ایک محفوظ ڈیجیٹل ایکوسسٹم کے قیام میں پبلک-پرائیویٹ شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا جبکہ انہوں نے پاکستان میں محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے قیام کے لئے ہواوے کے عزم اور کاوشوں کو بھی سراہا ۔
جیف وانگ نے پاکستان میں سائبر سکیورٹی کے استحکام کے لئے ہواوے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایک مضبوط اور محفوظ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا۔واضح رہے کہ یہ معاہدہ پاکستان میں ایک محفوظ اور پائیدار ڈیجیٹل مستقبل کے قیام کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔