پی ٹی اے کا سموں کے غیر قانونی اجراء پر کریک ڈاؤن

82
PTA
PTA

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زونل دفتر لاہور نے ایف آئی اے کے تعاون سے دیپالپور، ضلع اوکاڑہ میں واقع موبی لنک (جاز) کی فرنچائز پر چھاپے کے دوران 25 مشکوک سمیں اور 2 مشتبہ بی وی ایس ڈیوائسز قبضے میں لے لیں۔

ترجمان پی ٹی اے کے مطابق اس سے قبل علاقے کی غریب خواتین رہائشیوں کی جانب سے ان کے فنگر پرنٹس کے غلط استعمال اور بی آئی ایس پی پروگرام کے ذریعے راشن تقسیم کرنے کی آڑ میں غیر قانونی طور پر سمز جاری کرنے کی سینکڑوں شکایات موصول ہوئی تھیں۔ فرنچائز کے ریٹیلر کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا اور ایجنسی کی طرف سے ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی جانب سے کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ یہ کارروائی پی ٹی اے کی جانب سے ایف آئی اے میں اس سیلز چینل کے ذریعے سموں کے غیر قانونی اجراء سے متعلق شکایات پر کی گئی۔ یہ چھاپے سموں کے غیرقانونی اجراء کے خاتمے کے لئے اتھارٹی کی کوششوں کا مظہر ہیں۔