پی ٹی اے کا کلونڈ موبائل ڈیوائسز اور آئی ایم ای آئی کی غیر قانونی ٹیمپرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن

76
Pakistan Telecommunication Authority
Pakistan Telecommunication Authority

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زونل آفس لاہور نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) گوجرانوالہ کے ساتھ مل کر سیالکوٹ میں غیر قانونی طور پر آئی ایم ای آئی کی ٹیمپرنگ اور کلونڈ موبائل فونز کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کامیاب چھاپے مارے۔پہلا چھاپہ علامہ اقبال چوک میں واقع الیکٹرو مارٹ پر مارا گیا، جہاں سے ایک ایسا موبائل فون برآمد ہوا جس کا آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کیا گیا تھا۔ دکاندار کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ دوسرا چھاپہ ریحان موبائل سینٹر پر مارا گیا، جہاں سے چار ایسے موبائل فونز برآمد ہوئے جن کے آئی ایم ای آئی کی ٹیمپر نگ کی گئی تھی ۔ ان میں گوگل پکسل کے مختلف ماڈلز شامل تھے جن کے آئی ایم ای آئی نمبرز کم قیمت ماڈلز کے ساتھ مطابقت رکھتے تھے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں مقدمات میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔‎واضح رہے کہ پی ٹی اے موبائل ڈیوائسز کے آئی ایم ای آئی نمبرز کی ٹیمپرنگ اور ان کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ آئی ایم ای آئی کی ٹیمپرنگ اور کلون شدہ فونز کی فروخت قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہے، جو سائبر جرائم، مالی دھوکہ دہی، اغوا اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہو سکتے ہیں۔پی ٹی اے کی عوام الناس سے گزارش ہے کہ فون کلوننگ یا ٹیمپرنگ سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر دیں۔ ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔