22.2 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومقومی خبریںپی ٹی سی ایل گروپ اور پی پی اے ایف کا جنوبی...

پی ٹی سی ایل گروپ اور پی پی اے ایف کا جنوبی پنجاب اور تھر میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے اشتراک

- Advertisement -

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):ملک میں پانی کی قلت کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے پی ٹی سی ایل گروپ اور پاکستان فنڈ برائے تخفیف ِ غربت (پی پی اے ایف) نے باہمی معاہدے کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے اپنے ایوارڈ یافتہ منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے جس سے جنوبی پنجاب اور تھر کے تقریباً دو لاکھ مقامی افراد مستفید ہوں گے۔منگل کو جاری بیان کے مطابق گزشتہ سال پی ٹی سی ایل گروپ نے شفاء فاؤنڈیشن کے تعاون سے تھر میں واٹر پمپس نصب کئے تھے جس سے تقریباً 15,000 افراد کو پینے کا محفوظ پانی فراہم ہوا۔ اس منصوبے کو ’’ڈریگنز آف پاکستان ایوارڈز‘‘میں ’’بیسٹ ان ڈیجیٹل‘‘ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ منصوبے کو وسعت دینے کے بعد اب واٹر پمپس کے علاوہ اس میں ریورس اوسموسس پلانٹس اور بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے جس سے خشک سالی اور قلت کے شکار علاقوں میں پانی کی پائیدار فراہمی ممکن ہوگی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گروپ چیف کمرشل آفیسر، پی ٹی سی ایل اور یوفون فور جی سید عاطف رضا نے کہا کہ پی پی اے ایف کے ساتھ ہمارا یہ مشترکہ منصوبہ ملک کی ایک ہنگامی ضرورت کے حل کی جانب اہم پیشرفت ہے، صاف پانی تک رسائی ایک بنیادی انسانی ضرورت ہے اور پی پی اے ایف کے تعاون سے پی ٹی سی ایل گروپ محروم اور پسماندہ طبقات کی پینے کے پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔پی پی اے ایف کے سی ای او نادر گل بریچ نے اس تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پانی محض ایک وسیلہ نہیں بلکہ صحت، زندگی اور ترقی کا موقع بھی ہے۔ پی ٹی سی ایل گروپ کے ساتھ اشتراک سے ہم یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ جب ادارے ایک مقصد کے تحت متحد ہوتے ہیں تو وہ ناممکن کو ممکن کر سکتے ہیں یا جیسے ہم نے کر دکھایا، کسی خشک ترین صحرا میں بھی پانی پہنچا سکتے ہیں، ہم نہ صرف ایک بنیادی ضرورت پوری کر رہے ہیں بلکہ لوگوں کو ضروریاتِ زندگی کی فکر سے آزاد کرکے انہیں اپنے مستقبل کے متعلق سوچنے کا موقع دے رہے ہیں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں