اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):پی ٹی سی ایل گروپ (پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ اور یوفون فورجی )نے ایک بار پھر معروف جیولین تھرو کھلاڑی اور اولمپیئن گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی حمایت اور تعاون کا اعلان کر دیا ۔ پی ٹی سی ایل گروپ کا مقصد محض ایک شراکت دار کی بجائے اُن کے مقصد اور صلاحیت پر غیر متزلزل یقین رکھنے والے ساتھی کے طور پر ان کے سفر میں ساتھ دینا ہے ۔ تقریب میں پی ٹی سی ایل گروپ نے اپنے عزم کی تجدید کی کہ وہ ہار جیت سے قطعِ نظر ارشد ندیم کے مثالی نظم و ضبط، ناقابلِ شکست جذبے اور اٹل یقین کی بدولت ہر مرحلے پر اُن کے ہمراہ کھڑا رہے گا۔ارشد ندیم بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے شعبے میں پاکستان کے فخر کی علامت ہیں۔
وہ اولمپکس کے لئے براہ راست کوالیفائی کرنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں، جنہوں نے بعد ازاں2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیتا،2023 ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا اور سب سے بڑھ کر2024 کے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔ وہ آج بھی قوم کو اپنی محنت، لگن اور استقامت سے متاثر کر رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گروپ نائب صدر، برانڈز اینڈ کمیونی کیشن، پی ٹی سی ایل و یوفون4G، سیف الدین خان نے کہاکہ ہمیں ہمیشہ سے ارشد پر پورا بھروسہ تھا اس لئے نہیں کہ وہ تمغے جیتتا ہے بلکہ اس لئے کہ وہ کچھ بڑا کرنے کی جرات اور کردار رکھتا ہے
ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک بار پھر ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمارا ساتھ صرف ایک مہم کے لئے نہیں بلکہ ایک بڑے مقصد کا حصہ بننے کے لئے ہے۔ارشد ندیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی سی ایل گروپ اُس وقت میرے ساتھ کھڑا ہوا، جب میری اتنی شہرت نہیں تھی۔ ایسا یقین ایک ایتھلیٹ کو میدان کے اندر اور باہر دونوں جگہ ہمت اور طاقت دیتا ہے ۔ اب جب میں اپنے سفر کے ایک اور اہم مرحلے میں داخل ہو رہا ہوں، تو مجھے خوشی ہے کہ وہ ایک بار پھر میرے ساتھ ہیں۔ صرف ہا ر جیت اہمیت نہیں رکھتی، بلکہ دنیا کو پاکستان کا اصل جذبہ دکھانے کی ضرورت ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599831